Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عید الفطر کے دوران سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور انتظامات حوالے وزیراعلیِ کے زیر صدارت اجلاس

شیئر کریں:

عید الفطر کے دوران سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور انتظامات حوالے وزیراعلیِ کے زیر صدارت اعلیِ سطح اجلاس

پشاور ( نمایندہ چترال ٹایمز ) خیبرپختونخوا حکومت نے عید الفطر کی تعطیلات کے دوران صوبہ بھر میں امن و امان کو یقینی بنانے اورصوبے کے سیاحتی مقامات کار خ کرنے والے سیاحوں کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی کیلئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں اور اس سلسلے میںصوبے کے سیاحتی علاقوں ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژن کیلئے جامع پلان تشکیل دیئے گئے ہیں ۔اس سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت منعقد ہواجس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد بنگش ، انسپکٹر جنرل پولیس معظم جاہ انصاری، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز ، ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 نے شرکت کی جبکہ کمشنرز ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژنز، ریجینل پولیس افسران ہزار ہ اور ملاکنڈ بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک تھے ۔

اجلاس میں ہزارہ اور ملاکنڈ ڈویژنز میں عید کی تعطیلات کے دوران انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی اور آگاہ کیا گیا کہ سیاحوں کی سکیورٹی اور سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔اجلاس میں عید الفطر کی تعطیلات کے دوران سیاحتی اضلاع میں انتظامیہ ، پولیس ، ریسکیو1122 ، تحصیل میونسپل انتظامیہ اور طبی مراکز سمیت تمام اداروں کو ہائی الرٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس کو بتایا گیا کہسیاحتی ریجنز میںمتعلقہ کمشنرز ، آرپی اوز، ڈپٹی کمشنرز، ڈی پی اوز او ر اسسٹنٹ کمشنرز اپنے سٹیشن پر موجود رہیں گے، اس سلسلے میں تمام کمشنرز اور آر پی اوز کو تحریری مراسلے جاری کردیئے گئے ہیں۔ اجلاس کو یہ بھیبتایا گیا کہ ہزار ہ اور ملاکنڈ ڈویژنزمیں عید کی تعطیلات کے دوران پٹرول اور ڈیزل کے علاوہ اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں دستیابی کیلئے ضروری اقدامات اُٹھائے جارہے ہیں،سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو معلومات و سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی ہیلپ لائنز قائم کی جائیں گی ۔ اسی طرح سیاحتی مقامات تک رسائی سڑکوں پر ٹریفک کو منظم انداز میں چلانے اور سڑکوں کی ممکنہ بندش سے بچنے کیلئے بھی خصوصی انتظاما ت کئے گئے ہیں ۔

شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ سیاحتی مقامات میں سڑکوں پر موبائل ورکشاپس اور فورک لفٹرز موجود ہوں گے ۔ اس کے علاوہ سیاحوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے مخصوص یونیفارم میں پولیس کے دستے تعینات کئے جائیں گے ۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں طبی امداد کی بروقت فراہمی کیلئے تمام مراکز صحت میں ضروری طبی عملے اور ادویات کی دستیابی کو یقینی بنایا گیا ہے جبکہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے کنٹرول رومز بھی قائم کئے جارہے ہیں جن میں تمام اداروں اور محکموں کے اہلکار ہمہ وقت موجود ہوں گے ۔ اسی طرح ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے بندہونے والی سڑکوں کی فوری بحالی کیلئے مشینری موجود ہو گی ۔ اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ عید الفطر پر صوبہ بھر میں ریسکیو1122 اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور چھٹیوں کے دورا ن صوبہ بھر کے ریسکیو سٹیشنز کھلے رہیں گے جبکہ تمام ریسکیو سٹیشنز کو ایمرجنسی طبی آلات اور دیگر سامان مہیا کر دیا گیا ہے ۔ مزید برآں ریسکیو1122 کی جانب سے مختلف سیاحتی مقامات پر خصوصی کیمپس قائم کئے جارہے ہیں۔ دریاﺅں ، ڈیموں اور نہانے کے دیگر مقامات پر غوطہ خور ٹیمیں بمعہ آلات الرٹ رہیں گی ۔

وزیراعلیٰ نے عید الفطر کے موقع پر صوبے میں سیاحوں کو سہولیات کی فراہمی اور سکیورٹی کیلئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس مقصد کیلئے تیار کر دہ پلان پر حقیقی معنوںمیں عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے مزید ہدایت کی کہ عید کی چھٹیوں کے دوران پٹرول اور ڈیزل کے علاوہ اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں دستیابی یقینی بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے اور موجود صورتحال کے تناظر میں سیاحوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ گزشتہ سال چند مقامات پر سیاحوں کے ساتھ پیش آنے والے جیسے ناخوشگوار واقعات کسی صورت رونما نہیں ہونے چاہئیں۔ وزیراعلیٰ نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری اقدامات کیلئے مقامی انتظامیہ ، ریسکیواداروں، طبی مراکزاور متعلقہ شراکت داروں کے درمیان کوآرڈنیشن کا موثر نظام وضع کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے مزید ہدایت کی کہ تمام اضلاع کے انٹری پوائنٹس پر سیاحوں کیلئے معلوماتی بینرز آویزاں کئے جائیں۔ اُنہوںنے کہاکہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں مقامی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی ۔

chitraltimes cm kpk chairing review meeting on security arrangements and facilitation for tourist during eid ul fitr

 

وزیراعلیِ کا سینرصحافی نادرخواجہ کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے سینئر صحافی نادر خواجہ کی والدہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے سوگوار خاندان کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومہ کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔


شیئر کریں: