Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

مسجد نبوی میں نعرے بازی انتہائی مذموم فعل ہے۔ تحریک انصاف کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ بیرسٹر سیف

شیئر کریں:

مسجد نبوی میں نعرے بازی انتہائی مذموم فعل ہے۔ تحریک انصاف کا اس سے کوئی تعلق نہیں۔ بیرسٹر محمد علی سیف

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے مسجد نبوی میں نعرے بازی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اس عمل کو انتہائی مذموم فعل قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسجد نبوی دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے مقدس جگہ ہے اور یہ افسوسناک عمل وہاں موجود لوگوں کا ذاتی فعل ہوسکتا ہے تاہم اسے تحریک انصاف سے منسوب کرنا مناسب نہیں۔ اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ مسجد نبوی متبرک اور مقدس مقام ہونے کے ساتھ ساتھ اللہ کی رضا اور خوشنودی حاصل کرنے کی جگہ ہے جس کی حرمت کی پاسداری کرنا تمام مسلمانوں پر فرض ہے۔ اس مقدس مقام پر سیاسی یا مذہبی منافرت پھیلانا ایک قبیح عمل ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ نعرے بازی وہاں موجود لوگوں کا ذاتی فعل ہو سکتا ہے جس کا تحریک انصاف یا اس کے رہنماؤں سے کوئی تعلق نہیں۔ بعض سیاسی مخالفین کی جانب سے اس افسوسناک واقعہ کو تحریک انصاف کے ساتھ جوڑنے کا پروپیگنڈہ کیا جا رہا ہے جو کہ اتنا ہی غیر اسلامی ہے جتنا مقدس مقامات کی بے حرمتی کرنا۔ ہمارے سیاسی مخالفین بے شرمی اور ڈھٹائی سے مساجد اور مدارس کو اپنے ذاتی اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتے آ رہے ہیں جوکہ سب پر عیاں ہے۔بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ اس بات کا امکان بھی موجود ہے کہ وہاں موجود لوگوں میں سے کچھ تحریک انصاف کے حامی ہوں تاہم پھر بھی یہ ان کا ذاتی فعل ہے جس کے لیے انہیں اللہ تعالیٰ سے معافی مانگنی چاہیے۔ مذہب کا احترام اور اسلام کا تقدس تحریک انصاف کی پالیسی کا اہم حصہ ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ اس افسوسناک واقعہ سے ان لوگوں کو سبق حاصل کرنا چاہیے کہ جس بددیانتی، کرپشن اور گھناؤنے کاموں کا انہوں نے ارتکاب کیا وہ قوم نے فراموش نہیں کیے ہیں۔ ان کرپٹ اور اقتدار کے بھوکوں پر مبنی امپورٹڈ حکومت سے عوام نفرت کرتے ہیں اور یہ جہاں بھی نظر آتے ہیں تو پاکستانی عوام اپنے غصے اور جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
60835