Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بغیر کسی وجہ کے نکالے گئے مستحق افراد کی شمولیت یقینی بنائیں، وزیراعظم

شیئر کریں:

بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بغیر کسی وجہ کے نکالے گئے مستحق افراد کی شمولیت یقینی بنائی جائے، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی ہیکہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے بغیر کسی وجہ کے نکالے گئے مستحق افراد کی شمولیت یقینی بنائی جائے، اس کے لئے طریقہ کاروضع کرنا خوش آئند ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت شازیہ عطاء مری سے ملاقات میں کیا۔ ملاقات میں وزیراعظم کو وزرات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعظم کے بلوچستان دورے کے دوران مستحق افراد کی بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں شمولیت اور طالبات کی تعلیم کو یقینی بنانے کیلئے وظائف و والدین کو امداد کے اعلان پر خراج تحسین پیش کیا گیا۔وزیراعظم کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام میں سے گزشتہ حکومت کی طرف سے بغیر تحقیق کے نکالے گئے آٹھ لاکھ بیس ہزار لوگوں کیلئے اپیل کے مجوزہ طریقہ کار پر بھی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ بے نظیر انکم سپوٹ پروگرم میں سے نکالے گئے افراد کی دوبارہ شمولیت کیلئے اپیل کا طریقہ کار وضع کرنا خوش آئند ہے۔انہوں نے ہدایت کی کہ ایسے مستحق افراد جو بغیر کسی وجہ کے نکالے گئے، ان کی شمولیت یقینی بنائی جائے۔

 

بلاول بھٹو نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حلف لیا

اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزیر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔ حلف برداری کی تقریب بدھ کو یہاں ایوان صدر میں منعقد ہوئی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ان سے ایک سادہ اور پروقار تقریب میں حلف لیا۔حلف برداری کی تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف، سابق صدر آصف علی زرداری، وفاقی کابینہ کے اراکین، اراکین پارلیمینٹ سول و فوجی حکام، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنماؤں سمیت حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں کے قائدین، وزیر اعلیٰ سندھ اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔کابینہ میں بلاول بھٹو زرداری کو وفاقی وزیر کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔ اس سے قبل کابینہ کی تشکیل کے پہلے مرحلے میں 19 اپریل کو30 وفاقی وزرا اور تین وزرا مملکت نے حلف اٹھایا تھا، دوسرے مرحلے میں 22 اپریل کو وفاقی کابینہ میں توسیع کی گئی تھی اور کابینہ میں تین وفاقی وزرا اور ایک وزیر مملکت کو شامل کیا گیا تھا۔ کابینہ میں پہلے ہی تین مشیروں کو بھی شامل کیا جا چکا ہے۔


شیئر کریں: