Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ٓایم پی اے خیبرپختونخوا فیصل زمان سب جیل سے فرار، دوبارہ گرفتاری کیلئے کوششیں جاری۔ بیرسٹر سیف

Posted on
شیئر کریں:

ٓایم پی اے خیبرپختونخوا فیصل زمان سب جیل سے فرار، دوبارہ گرفتاری کیلئے کوششیں جاری۔ بیرسٹر سیف

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) رکن خیبرپختونخوا اسمبلی فیصل زمان کے فرار پر صوبائی حکومت کا موقف سامنے آگیا،حکومت نے ایمرجنسی بنیاد پر اقدامات اٹھاتے ہوئے ایم پی اے کو جلد از جلد گرفتار کرنے اور فرار ہونے کے تمام محرکات جاننے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے۔ہفتہ کے روز اپنے آفس سے بیان جاری کرتے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ رکن صوبائی اسمبلی فیصل زمان پر قتل مقدمہ چل رہا تھا جو اسمبلی اجلاس کے لیے پروڈکشن آرڈر کے ذریعے پشاور لائے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ایم پی اے ہاسٹل میں فیصل زمان کو رکھا گیا تھا، پولیس کی جانب سے ایم پی اے ہاسٹل سب جیل قرار دیا گیا تھا۔واقعے پر مزید روشنی ڈالتے ہوئے معاون خصوصی بیرسٹر سیف نے کہا کہ ایم پی اے فیصل زمان کو کل ایبٹ آباد جیل شفٹ ہونا تھا،اب ان کے فرار کے بعد گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں،پولیس نے ایف آئی آر بھی درج کی ہے۔انہوں نے کہا کہ محکمہ داخلہ اور دیگر ادارے ایم پی اے کو ٹریس کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں،باہر جانے سے روکنے کے لیے ایف آئی اے کو الرٹ جاری کر دی گئی ہے۔حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے معاون اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے،کمیٹی نے ہفتہ کے دن سے کام شروع کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کمیٹی تمام امور کا جائزہ لے گی پھر تمام مرتکب افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
60589