Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے کے تمام سکولوں کے اساتذہ پرنسپلز اور طلباء و طالبات پرموبائل فون کے استعمال پر پابندی عاید

Posted on
شیئر کریں:

خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم کی زیر صدار ت ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز اجلاس کا انعقاد
صوبے کے تمام سکولوں کے اساتذہ پرنسپلز اور طلباء و طالبات پر موبائل فون کے استعمال پر پابندی،اجلاس میں فیصلہ
صوبے کے تمام ایڈہاک اساتذہ کو مستقل کرنے کا فیصلہ
تمام اساتذہ کو ٹائم سکیل اور 4ٹائر فارمولا پروموشن عنقریب دیا جائے گا تمام تر انتظامات مکمل ہے
تمام ہیڈماسٹر اور پرنسپلز پر حاضری لگانا لازمی قرار، ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی کو گریڈ 17اور اس سے اوپر کے آفیسرز کی مانیٹرنگ کے لیے انڈیکیٹرز کی تیاری کے احکامات جاری
محکمہ تعلیم میں سزاوجزا عمل کے تحت بہترین کارکردگی پر انعام اور خراب کارکردگی پر سزا دی جائیگی، وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے ابتدائی و ثانوی تعلیم شہرام خان ترکئی نے صوبے کے تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام تر تیاری مکمل ہے اور عنقریب صوبے کے تمام ایڈہاک اساتذہ کو مستقل کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ اساتذہ کو سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے صوبے کے تمام اساتذہ کو 4ٹائرفارمولا اور ٹائم سکیل پروموشن دیا جارہا ہے جو ان کا دیرینہ مطالبہ تھا. انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر کو ہدایت کی کہ روٹین وزٹس کے علاوہ ہر ہفتے میں ایک دن تحصیل وائز وزٹ بھی کریں اور اسکولوں میں سہولیات جائزے کے ساتھ ساتھ درس و تدریس کے عمل کی مانیٹرنگ بھی کریں۔ شہرام خان ترکئی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام اساتذہ سکول سربراہان اور طلباء و طالبات پر اسکولوں میں موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی انھوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ایکشن لینے کی ہدایت کی کیونکہ سکول کے اوقات میں درس و تدریس میں کوتاہی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ پرنسپلز اور ہیڈ ماسٹرز حاضری لگانے کے پابند ہوں گے اور وہ حاضری رجسٹرز میں روزانہ کے حساب سے حاضری لگائیں گے۔

انہوں نے ایجوکیشن مانیٹرنگ اتھارٹی حکام کو ہدایت کی کہ گریڈ 17 اور اس سے اوپر تمام آفیسرز کی مانیٹرنگ کیلئے جلد از جلد انڈیکیٹرز تیار کریں تاکہ ان کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جا سکیں۔ یہ ہدایات انہوں نے ڈائریکٹریٹ آف ایلمینٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے کمیٹی روم میں ضلعی ایجوکیشن آفیسرز اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی۔ اجلاس میں سیکرٹری ایجوکیشن معتصم باللہ شاہ اسپیشل سیکرٹری ایجوکیشن عامرآفاق ڈائریکٹر ایجوکیشن حافظ محمد ابراہیم اور صوبے کے میل و فیمیل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز نے شرکت کی۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے ضلعی افسران کو ہدایت کی کہ پورے صوبے میں تقریبا 21 ہزار سے زائد اساتذہ کی بھرتی کا عمل جاری ہے زیادہ تر آسامیوں میں انٹرویوکا عمل شروع ہو رہا ہے دن رات محنت کریں تاکہ بھرتی کا یہ عمل جلد مکمل ہو کر میرٹ پر ذہین اساتذہ سسٹم میں شامل ہو جائیں.

انہوں نے ایجوکیشن آفیسرز کو یہ بھی ہدایت کی کہ ضلعی دفاتر اور ڈائریکٹوریٹس میں موجودہ وہ کلیریکل سٹاف جن کا دو سال سے زائد وقت پورا ہوا ہے ان کو عید کے فورا بعد ٹرانسفر کریں اور وہ اہلکار جن کے خلاف شکایتیں ہیں ان کے خلاف انکوائری کریں اگر قصوروار تو فورا (ای اینڈ ڈی) رولز کے مطابق کارروائی کریں۔ انہوں نے آفیسرز کو یہ بھی ہدایت کی کہ سیکنڈ شفٹ سکولوں پر خصوصی توجہ دیں اور اساتذہ کی کارکردگی مانیٹر کریں اگر کوئی کمی ہے تو فوراً ان اساتذہ کو ہٹا کر ویب پورٹل سے نئے اساتذہ لیں۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے فییمل ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کو ہدایت کی کہ خواتین اساتذہ کے لئے آسانیاں پیدا کریں ان سے ڈیلنگ کا زیادہ تر نظام ڈیجیٹائز کریں تاکہ وہ دفاتر کے چکر لگانے سے محفوظ رہ سکے اور تمام تر توجہ درس و تدریس اور بچوں پر دیں۔ شہرام خان ترکئی نے مزید کہا کہ طلبہ و طالبات ہماری اولین ترجیح ہے اساتذہ کو تمام سہولیات دیں گے مگر ہمارے نتائج میں بہتری ضرور آنی چاہیے۔

chitraltimes shahram khan tarakai chairing edeo meeting2


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
60543