Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان کے دیگر صوبوں کی نسبت عوام کوسستا آٹا فراہم کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر خوراک عاطف خان

Posted on
شیئر کریں:

پاکستان کے دیگر صوبوں کی نسبت عوام کو سستا آٹا فراہم کر رہے ہیں۔ صوبائی وزیر خوراک عاطف خان

میڈیا غریب دوست وزیراعلیٰ کے سستا آٹا پیکج کو دیگر صوبوں سے موازنہ کرکے عوام کو حقیقت سے آگاہ کرے. معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف

پشاور( چترال ٹایمز رپورٹ)وزیراعلی خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر خیبرپختونخوا میں عوام کو سستے آٹے کی فراہمی بہترین طریقے سے جاری ہے. اس سلسلے میں خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر خوراک و آئی ٹی عاطف خان نے کہا ہے کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کی ہدایت پر صوبے میں اس وقت سندھ، بلوچستان اور پنجاب کی نسبت آٹے کی سستے نرخ پر فراہمی جاری ہے جس کا براہ راست فائدہ غریب عوام کو پہنچ رہا ہے صوبے میں سستا آٹا فراہمی کے سلسلے میں تقریبا 127 سیلز پوائنٹس بنائے گئے ہیں جبکہ موبائل ٹرک سروس کے ذریعے بھی سستا آٹا فراہمی جاری ہے. ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خوراک نے اطلاع سیل محکمہ اطلاعات میں وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف کے ہمراہ میڈیا ٹاک کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر سیکرٹری خوراک خیبرپختونخوا مشتاق بھی موجود تھے. حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے رمضان المبارک میں عوام کو دئے جانے والی ریلیف پر بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک عاطف خان نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو سستا آٹا فراہمی کی مد میں خصوصی ریلیف دے رہے ہیں.

وزیراعلی محمود خان کی ہدایت پر عوام کے لیے رمضان میں ہم سستا آٹا پیکج لے کر آئے ہے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر صوبوں کی نسبت اس وقت صرف خیبرپختونخوا میں بہتر سستا آٹا فراہمی جاری ہے سرکاری ریٹ 800 روپے پر سستا آٹا فراہم کر رہے ہیں. زبانی جمع خرچ پر نہیں عملی اقدامات پر عملدرآمد جاری رکھے ہوئے ہیں. رمضان المبارک میں ٹماٹر نرخ کنٹرول کرنے کے متعلق صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ رمضان المبارک میں ٹماٹر کے نرخ بڑھے تھے لیکن اب اس پر قابو پالیا ہے. صوبے میں ٹماٹر نرخ کم کرنے کے لیے ایران سے رابطہ کیا گیا. انہوں نے کہا کہ آنے والے بجٹ میں اشیا خوردونوش کے چار آئٹمز پر ریلیف زیر بحث ہے، آٹا دال گھی چینی پر زبردست ریلیف دیں گے. آئندہ بجٹ میں عوام کو دال، گھی، چینی، آٹا پر 25 سے 30 ارب روپے تک کا ریلیف دیں گے. صوبے میں افراط زر کے حوالے صوبائی وزیر عاطف خان نے کہا کہ ذخیرہ اندوزی کی روک تھام اور اشیاء خوردونوش کی کوالٹی کو برقرار رکھنے پر توجہ دئیے ہوئے ہیں. رمضان المبارک کے دوران پوری دنیا میں ریٹ کم ہو جاتے ہیں لیکن پاکستان میں بدقسمتی سے بڑھ جاتے ہیں. لیکن اس ضمن میں انتظامیہ متحرک ہے. انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی سطح پر سیکرٹریز کو مارکیٹ کے دورے کرنے کا پابند بنایا گیا ہے،

اس موقع پروزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے ریمارکس دیئے کہ خیبرپختونخوا کے غریب دوست وزیراعلیٰ کو عوام کا احساس ہے اس لیے ان کی ہدایت پر عوام کو سستا آٹا فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہیں. انہوں نے کہا کہ میڈیا دیگر صوبوں میں بھی آٹے کی نرخ معلوم کرکے خیبرپختونخوا میں سستے آٹے سے موازنہ کریں تو حقیقت سامنے آ جائے گی. رمضان المبارک میں ذخیرہ اندوزی کرنے، غیر معیاری اشیاء خوردونوش اور گرانفروشی کے مرتکب کئی افراد کے خلاف انتظامیہ کی جانب سے قانونی کاروائیاں کی گئی ہیں جن پر تقریباً 80 لاکھ روپے تک جرمانہ عائد کیا گیا ہے. انہوں نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ فوڈ سیفٹی اور حلال فوڈ اتھارٹی سمیت دیگر متعلقہ حکام کے ہیلپ لائن نمبرز پر ذخیرہ اندوزی کرنے والے، غیر معیاری اشیاء خوردونوش بیچنے والوں کے متعلق اپنی شکایات درج کرائیں تاکہ بروقت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

 


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
60414