Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

اسرائیل کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے: وزیراعظم شہباز شریف

Posted on
شیئر کریں:

اسرائیل کا مسجد اقصیٰ پر دھاوا انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے: وزیراعظم شہباز شریف

ا سلا م آ با د(سی ایم لنکس)پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے اسرائیلی فوج کے مسجد اقصیٰ پر دھاوے اور تشدد میں اضافے کی مذمت کرتے ہوئے اسے انسانی حقوق اور انسانی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی قرار دیا ہے۔سنیچر کو ایک ٹویٹ میں وزیراعظم نے فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا ’وقت آ گیا ہے کہ عالمی برادری فلسطینیوں کو تحفظ فراہم کرے اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی تائید کرے۔‘خیال رہے کہ گزشتہ روز جمعے کی نماز کے وقت مسجد اقصیٰ میں اسرائیلی پولیس اور فلسطینیوں کے درمیان جھڑپوں میں کم از کم 158 فلسطینی زخمی ہوئے تھے۔امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق مسجد کے انتظامات سنبھالنے والے ادارے نے جمعے کو بتایا تھا کہ اسرائیلی پولیس سورج طلوع ہونے سے قبل زبردستی مسجد میں داخل ہوئی تھی جس وقت ہزاروں افراد عبادت کے لیے مسجد میں موجود تھے۔انٹرنیٹ پر وائرل ویڈیوز میں فلسطینیوں کو پتھر پھینکتے ہوئے جبکہ اسرائیلی پولیس کو آنسو گیس کے شیل اور سٹن گرنیڈ کا استعمال کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔جمعے کو پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی اسرائیل کے زیر قبضہ فلسطینی علاقوں میں حالیہ صورت حال پر شدید تشویش کا اظہار کیا تھا۔دفترِ خارجہ نے کہا تھا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے ماہ رمضان میں مسجد اقصیٰ پر دھاوا انسانی اقدار اور انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی ہے۔دفتر خارجہ نیعالمی برادری سے مطالبہ کیا تھا کہ ’فوری اقدامات اٹھاتے ہوئے فلسطینیوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے اور بین الاقوامی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر پر عمل درآمد کیا جائے۔‘واضح رہے کہ مسجد اقصیٰ مسلمانوں کا تیسرا مقدس ترین مقام سمجھی جاتی ہے۔ ایک پہاڑی کی چوٹی پر تعمیر کی گئی یہ مسجد فلسطینیوں اور اسرائیل کے درمیان دہائیوں سے تنازعے کا باعث بنی ہوئی ہے۔رمضان کے مہینے کی وجہ سے مسجد اقصیٰ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے ہزاروں مسلمانوں کے جمع ہونے کی توقع کی جا رہی تھی۔

 

وزیراعظم شہباز شریف سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات، اہم سیاسی امور اور کابینہ کی تشکیل پر مشاورت

اسلام آباد( چترال ٹایمز رپورٹ)وزیراعظم شہباز شریف سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ہفتہ کو یہاں وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعظم ہاؤس آمد پر مولانا فضل الرحمن کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ مولانا فضل الرحمن نے شہباز شریف کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں اجتماعی دانش اور کاوش نے ملک اور قوم کو مشکل سے نکالا ہے۔ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمن کو خراج تحسین پیش کیا۔مولانا فضل الرحمن نے وزیراعظم شہباز شریف کے عوامی خدمت اور مسائل کے حل کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ نے آتے ہی قوم کو دکھا دیا ہے کہ ان کا خادم کیسے کام کرتا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ ملک و قوم کی بھلائی کیلئے ہمارا بھرپور تعاون اور مدد آپ کے ساتھ ہے اور رہے گی۔ دونوں رہنماؤں نے اہم سیاسی امور اور کابینہ کی تشکیل سے متعلق معاملات پر مشاورت بھی کی۔

 

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بلامقابلہ قومی اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوگئے

اسلام آباد(سی ایم لنکس)پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف بلامقابلہ قومی اسمبلی کے سپیکر منتخب ہوگئے ہیں۔ ہفتہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں صدر نشیں سردار ایاز صادق نے کہا کہ ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری نے اپنا استعفی دے دیا ہے اور اسمبلی سیکرٹریٹ نے اس کی تصدیق کردی ہے اس لئے ان کا استعفیٰ منظور کیا گیا ہے۔قومی اسمبلی کے آج کے ایجنڈے میں ڈپٹی سپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے آئٹم پر عمل درآمد نہیں ہوگا۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ سپیکر کے انتخاب کے لئے سید خورشید شاہ اور نوید قمر نے راجہ پرویز اشرف کا نام دیا جن کے مقابلے میں کسی دوسرے امیدوار نے کاغذات داخل نہیں کرائے اس لئے راجہ پرویز اشرف کو بلامقابلہ سپیکر منتخب کیا جاتا ہے۔بعد ازاں سردار ایاز صادق نے نومنتخب سپیکر راجہ پرویز اشرف سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
60355