
نادرا آفس گرم چشمہ کے بارے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کی وضاحتی بیان
نادرا آفس گرم چشمہ کے بارے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز کی وضاحتی بیان
چترال ( نمایندہ چترال ٹایمز) ڈسٹرکٹ افیسر فشریز لویر چترال نے چترال کے دو ان لائن اخبارات میں گرم چشمہ کے مقام پر نادرا دفتر کو تالہ لگانے کے بارے میں شائع شدہ خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یکم جولائی 2017ء سے گرم چشمہ میں نادرا آفس کے لئے لوکل باڈیز نمائندے کرائے پر مکان لے کر فراہم کیا تھا لیکن اپریل 2019ء میں لوکل باڈیز کی تحلیل کے بعد اُ س وقت کے ڈسٹرکٹ ڈائرکٹر فشریز کی رضامندی سے ان کے واچر ہٹ میں عارضی طور پرمنتقل کردیا اور اس کے لئے اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو) نے باقاعدہ ٹی او آرز بھی مرتب کی تھی جن کے مطابق فشریز ڈیپارٹمنٹ کی اس ملکیتی واچر ہٹ کو نادرا آفس کے لئے عارضی طور پر استعمال کیا جائے گا جس کے لئے کوئی کرایہ نہیں لیا جائے گا اور فشریز ڈیپارٹمنٹ کو ذاتی ضرورت پڑنے پر ایک ماہ کی پیشگی نوٹس پر نادرا اسے خالی کرنے کا پابند ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ ٹی او آر کے مطابق انہوں نے نادرا آفس گرم چشمہ کے انچارج کو 3مارچ 2022ء کو نوٹس جاری کیا تھا۔ انہوں نے محکمہ کی طرف سے کرائے کی وصولی کی خبر کو من گھڑت قرار دیا جبکہ موغ میں فشریز ریسرچ سنٹر میں جانور پالنے کی خبر کے بارے میں کہاکہ اس عمارت میں تکنیکی نقائص کی وجہ سے ابھی تک اسے سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ نے فشریز ڈیپارٹمنٹ کے حوالے نہیں کیا ہے اور اس بلڈنگ کے ساتھ محکمہ کا اس وقت کوئی تعلق نہیں ہے اور یہ بلڈنگ اس وقت سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کی تحویل میں ہے اور بار بار یاددہانی کے باوجود اسے مکمل کرکے فشریز ڈیپارٹمنٹ کے حوالے نہیں کیا جارہا ہے۔