Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ؛ 65 تحصیلوں میں 80 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔بیرسٹرسیف 

Posted on
شیئر کریں:

خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ؛ 65 تحصیلوں میں 80 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔بیرسٹرسیف

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ) خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 18 اضلاع میں جمعرات کو پولنگ ہو رہی ہے۔ ان اضلاع کی 65 تحصیلوں میں 80 لاکھ سے زائد ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی ہدایت پر بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے پر امن انعقاد کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ پولنگ کے دن مجموعی طور پر 49 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات ہوں گے۔ عدم اعتماد تحریک کا آخری دم تک مقابلہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات وتعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے پشاور پریس کلب میں میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔

اس موقع پر بیرسٹر محمد علی سیف نے خیبرپختونخوا حکومت کی ہدایت پر انتظامیہ اور محکمہ پولیس کی جانب سے پرامن اور شفاف بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کیلئے کیے جانے والے اقدامات کے حوالے سے میڈیا نمائندوں کو آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 37 ہزار سیکورٹی اہلکاروں کی ڈیمانڈ کے مقابلے میں 49 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر زیادہ سیکورٹی اہلکاروں تعینات کیے جائیں گے۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے بتایا کہ سیکورٹی اہلکاروں میں فرنٹیر کانسٹیبلری کے جوان بھی شامل ہیں جبکہ بوقت ضرورت پاک فوج کے کوئیک رسپانس فورس (کیو آر ایف) کے دستے بھی میسر ہوں گے۔ اسی طرح ہر ضلع میں ڈسٹرکٹ کنٹرول روم بنایا گیا ہے جہاں سے پولنگ کے عمل اور حالات کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور کسی بھی ایمرجنسی اور ہنگامی صورتحال کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری آگاہ کیا جائے گا۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان نے پہلے مرحلے کے مقابلے میں زیادہ سخت سیکورٹی انتظامات کے احکامات جاری کرتے ہوئے انتظامیہ کو حالات پر کڑی نظر رکھنے اور الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شمالی اور جنوبی وزیرستان میں حالات کو پیش نظر رکھتے ہوئے وہاں سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے ہیں۔ ان اضلاع میں خواتین امیدواروں کو بھی سیکورٹی فراہم کر دی گئی ہے۔ انتخابات والے اضلاع میں ریسکیو 1122 کو بھی متحرک رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی حکومت بلدیاتی انتخابات کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے تمام تر اقدامات اٹھا رہی ہے تاکہ یہ جمہوری عمل بخوبی سر انجام پائے اور بعد ازاں عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں۔بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 80 لاکھ سے زائد ووٹرز ووٹ ڈالیں گے۔ مجموعی طور پر 5 ہزار 829 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے 1 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں تحریک انصاف نے صوبے میں سب سے زیادہ ووٹ لیئے اور اس مرحلے اور مکمل نتائج کے بعد یقیناً تحریک انصاف ہی کی سب سے زیادہ نشستیں اور ووٹ ہوں گے اور پی ٹی آئی ہی صوبے کی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی گی۔ اس موقع پر ایک سوال کے جواب میں بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا خیبرپختونخوا میں عدم اعتماد کا دور دور تک کوئی امکان نہیں۔ عدم اعتماد کی باتیں صرف ایک سیاسی شوشہ تھیں۔ صوبائی اسمبلی میں تحریک انصاف کے پاس دو تہائی اکثریت ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات کا ایک اور سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ اپوزیشن وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے پیسے سمیت ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے تاہم وزیراعظم تحریک عدم اعتماد کا آخری وقت تک مقابلہ کریں گے اور اپنی پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔


شیئر کریں: