Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال کے معروف قانون دان ظفر حیات ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چترال لویر کے صدر منتخب، 

شیئر کریں:

چترال کے معروف قانون دان ظفر حیات ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چترال لویر کے صدر منتخب،

چترال (نمائندہ  چترال ٹایمز)ہفتے کے روز ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لویر چترال کے انتخابات میں جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والا امیدوار ظفر حیات ایڈوکیٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ کو ہراکر صدر منتخب ہوگئے۔ بلدیاتی انتخابات کے تناظر میں غیر معمولی اہمیت حاصل کرنے والے اس انتہائی گرما گرم الیکشن میں ظفر حیات ایڈوکیٹ نے 35اور نیاز اے نیازی ایڈوکیٹ نے 31 ووٹ حاصل کی۔ سینئر وکیل عبدالکریم ایڈوکیٹ کے زیر نگرانی منعقد ہ الیکشن میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ساجد اللہ ایڈوکیٹ نے پی پی پی کے میر دولہ جان ایڈوکیٹ کو شکست دے دی جبکہ دوسرے امیدواروں میں ہدایت الاسلام ایڈوکیٹ فنانس سیکرٹری شامل ہیں جبکہ اس سے قبل فیصل کمال ایڈوکیٹ بطور پریس سیکرٹری اور فرید احمد ایڈوکیٹ بطور سیکرٹری لائبریری بلامقابلہ منتخب ہوچکے تھے۔ نومنتخب صدر ظفر حیات ایڈوکیٹ نے نتائج کے اعلان کے بعد انتہائی خوشگوار ماحول میں انتخابات منعقد کرانے پر چیرمین الیکشن بورڈ عبدالکریم ایڈوکیٹ اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا اور وکلاء برادری کو یقین دلایا کہ وہ وکلاء کے فلاح وبہبود اور بار اور بنیج کے درمیان موثر پل کا کردار ادا کرنے میں اپنی تمام توانائی اورصلاحیت بروئے کار لائیں گے۔ عبدالکریم ایڈوکیٹ نے الیکشن بورڈ کے دیگر ممبران رضا علی ایڈوکیٹ اور سردار علی ایڈوکیٹ کی طرف سے الیکشن کے انعقاد میں بھر پور تعاون پر ڈسٹرکٹ بار کے ممبران کا شکریہ ادا کیا اور چترال میں وکلاء برادری کے درمیان اتحادواتفاق کو مثالی قرار دیا۔ اسی طرح  تحصیل بار ایسوسی ایشن دروش کے الیکشن میں بھی جماعت اسلامی کے حمایت یافتہ امیدوار اکرام حسین ایڈووکیٹ صدر منتخب ہوگئے ہیں۔

 

دریں اثنا سابق ضلع ناظم اور امیر جماعت اسلامی چترال مغفرت شاہ نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن چترال کے الیکشن میں ظفر حیات ایڈوکیٹ اور تحصیل بار ایسوسی ایشن دروش میں اکرام حسین ایڈوکیٹ کی کامیابی کو 31مارچ کو منعقد ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے لئے نیگ شگون اور لینڈ سلائیڈ کامیابی کا پیش خیمہ قرار دے دیا ہے۔ ایک اخباری بیان میں انہوں نے کہاہے کہ جماعت اسلامی کے کارکنوں پر معاشرے کا سب سے بااثر طبقہ وکلاء برادری کا اعتماد اس بات کا مظہر ہے کہ چترال کے عوام بھی بلدیاتی الیکشن میں اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے چترال تحصیل میں جماعت اسلامی کے نامزد امیدوار وجیہہ الدین اور دروش میں جماعت اسلامی کا حمایت یافتہ امیدوار حاجی شیر محمد کو بھاری اکثریت سے کامیاب کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ سیاسی شعور رکھنے والے چترالی عوام اب سبز باغ دیکھانے والوں کو ٹھکرانے اور ایماندار اور اہل قیادت کو سامنے کا فیصلہ کرچکے ہیں اور ہر طرف سے جماعت اسلامی کی کامیابی کی نوید سنائی دے رہی ہے جبکہ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن اس کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بار ایسوسی ایشن کے الیکشن میں کامیابی پر اپنی طرف سے ظفر حیات ایڈوکیٹ اور اکرام حسین ایڈوکیٹ کو مبارک باد پیش کی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریں
59744