Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت کے ریلیف پیکیج کا عوام کو براہ راست فائدہ پہنچانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش

Posted on
شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیر صدارت وزیراعظم عمران خان کی طرف سے حالیہ ریلیف پیکیج کے فوائد کو عوام تک منتقل کرنے بارے اجلاس جمعرات کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔جس میں اجلاس میں سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ اور ڈائریکٹر پی ایم آر یو نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اجلاس میں ویڈیو لنک کے ذریعے شامل ہوئے۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ وزیراعظم عمران خان کے خصوصی پیکیج جس کے تحت پٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے کے فوائد عوام کو منتقل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز اس حوالے سے جامع حکمت عملی مرتب کریں۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ صوبائی اور ضلعی سطح پر حالیہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے بعد نئے کرایہ نامے جاری کرے۔ ضلعی انتظامیہ اور مقامی ٹرانسپورٹ اتھارٹیز نئے کرایہ نامے کے اجراء کے بعد اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں۔ چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز ڈسٹرکٹ پرائس ریویو کمیٹی کے اجلاس کو جلد منعقد کریں اور انجمن تاجران سمیت دیگر سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر اقدامات اٹھائے جائیں۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ خوردونوش اور دیگر اشیائے ضروریہ کی سرکاری نرخنامے کے مطابق فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ ذخیرہ اندوزی اور گرانفروشی کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔چیف سیکرٹری نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے لئے سستا بازاروں کو قائم کیا جائے۔ تاکہ شہریوں کو اشیائے خوردونوش کی سرکاری نرخنامے کے مطابق فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
59029