Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کالاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام سے کالاش ثقافت کو محفوظ بنایا جایگا، محمد عابد وزیر

شیئر کریں:

اجلاس میں ممبران نے شہزادہ مقصود الملک کو ایک سال کیلئے متفقہ طور پر سپیشل کالاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا چیئرمین منتخب کردیا،اتھارٹی جلد اپنے کام کا آغاز کریگی، سیکرٹری محکمہ سیاحت


پشاور(چترال ٹائمز رپورٹ)ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا کلچرا ینڈٹورازم اتھارٹی محمد عابد خان وزیر نے کہاکہ سپیشل کالاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام سے کالاش ثقافت کو محفوظ بنایا جائے گا۔کالاش کمیونٹی کو خودمختار بنانے کیلئے اتھارٹی میں کم سے کم لوگ بھرتی کئے جائیں تاکہ اخراجات کو کم سے کم کیا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبرپختو نخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی کے کانفرنس ہال میں منعقدہ کالاش ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے اجلاس میں کیا۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ،ڈائریکٹرآرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد، ڈی سی لوئر چترال /ڈی جی سپیشل کالاش ڈیویلپمنٹ اتھارٹی انوار الحق، ڈی ایف او چترال لوئر،ڈائریکٹر ایڈمن اینڈفنانس یوسف علی،پرائیویٹ ممبران میں ممبر نیشنل ٹورازم کوآرڈینیشن بورڈ شہزادہ مقصودالملک، سابقہ تحصیل ناظم سرتاج احمد خان، ایڈوکیٹ احمد علی، ٹورازم ایکسپرٹ و کنسلٹنٹ صفی اللہ بیگ اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ میٹنگ میں ڈپٹی کمشنر چترال لوئرانوارالحق نے سپیشل اتھارٹی کالاش ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے مقاصد سے متعلق تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے اتھارٹی کے ایجنڈا میں شامل چیئرمین کا انتخاب، اتھارٹی کیلئے سٹاف کی بھرتی، مونوگرام، اتھارٹی کے اخراجات اور اتھارٹی کے مستقبل میں ہونے والے اقدامات کے بارے میں بتایا۔ اجلاس میں موجود ممبران نے شہزادہ مقصود الملک کو ایک سال کیلئے سپیشل کالاش ویلی ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کا چیئرمین منتخب کردیا ۔

اس موقع پروزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیر زادہ نے کہاہے کہ کالاش ویلیز ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام سے کالاش کی ثقافت کو محفوظ ہونے کیساتھ ساتھ یہاں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے لہٰذا اس اتھارٹی کے مقاصد اور ترقی کیلئے سب مل کر کام کریں۔اجلاس میں موجود تمام ممبران نے ڈی جی کلچر اینڈٹورازم اتھارٹی کی جانب سے تمام پوائنٹس پر اتفاق کیا۔اجلاس میں ڈی جی کلچراینڈٹورازم اتھارٹی محمد عابد خان وزیر نے ڈی جی سپیشل کالاش ویلی اتھارٹی سے کہاکہ جو تجاویز پیش کی گئی ہیں ان پر جلد از جلد عمل کرتے ہوئے کم سے کم لوگ بھرتی کئے جائیں یا پھر ڈیپوٹینشن پر لائے جائے تاکہ اتھارٹی اپنے عملی طور پر اقدامات کرسکے اور اپنے پیروں پر کھڑی ہو۔ ڈائریکٹر آرکیالوجی ڈاکٹر عبدالصمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ کالاش کی ثقافت، رہن سہن اور زبان کو ہر صورت محفوظ بنایاجائے کیونکہ یہ یونیسکو ہیریٹیج میں شامل ہے اس وجہ سے اسے محفوظ کریں اور اتھارٹی کا مقصد بھی یہی ہے جبکہ ساتھ ساتھ وادی میں ترقیاتی کاموں کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں۔آخر میں وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اقلیتی امور وزیرزادہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کسی قسم کی مدد کیلئے اتھارٹی کا بورڈ رابطہ کر سکتا ہے اورہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ اب جیسا کہ بورڈ کے چیئرمین کا انتخاب عمل میں لایا گیا ہے تو لہٰذا اتھارٹی جلد از جلد دیگر اقدامات کیلئے منصوبہ بندی کاآغاز کرے۔

chitraltimes kalash valley development authority meeting 22

شیئر کریں: