Chitral Times

Oct 5, 2022

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عوام میں“ اپنے حقوق مانگو”سے متعلق آگاہی اُجاگر کی جائے: چیف کمشنر آر ٹی ایس

شیئر کریں:

عوام میں“ اپنے حقوق مانگو”سے متعلق آگاہی اُجاگر کی جائے: چیف کمشنر آر ٹی ایس

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف کمشنر رائٹ ٹو سروسزسلیم خان کی زیر صدارت ماہانہ کارکردگی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں تمام کمشنرز و سیکرٹریز سمیت ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسران و دیگر متعلقہ اہلکاروں نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنرز اور ضلعی مانیٹرنگ افسران نے اپنی کارکردگی پیش کی اور درپیش چیلنجز سے چیف کمشنر کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں کلیم یور رائٹس (اپنے حقوق مانگو) پراجیکٹ پر بھی خصوصی بات چیت ہوئی اور میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے اس سے متعلق آگاہی پھیلانے بارے احکامات جاری کئے گئے۔ چیف کمشنر سلیم خان نے متعلقہ افسران کو احکامات جاری کئے کہ دور دراز اضلاع میں عوام کو حکومتی خدمات کی بروقت فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے مستعدی سے اپنے فرائض انجام دیں اور جہاں پر سپورٹ کی ضرورت ہو تو اپنے بالا افسران کو بروقت مطلع کرکے خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں ان کے حقوق سے متعلق آگاہی اور ان کو حقوق بارے دعویداری کیلئے راغب کرنے کیلئے مختلف عوامی نشستوں کا انعقاد کیا جائے۔ انہوں نے خصوصی طور پر ہدایت کی خواتین کیلئے خصوصی نشستوں کا انعقاد کیا جائے۔ تعلیمی اداروں میں آگاہی منعقد کرنے کے علاوہ عوامی مقامات پر بینرز و فلیکسز کو آویزاں کئے جائیں تاکہ عوام سرکاری خدمات سے بروقت اور احسن طریقے سے مستفید ہوسکے۔ چیف کمشنر سلیم خان نے اس موقع پر بتایا کہ جلد کمیشن کے دفتر کیلئے جگہ کی تخصیص ممکن ہوسکے گی جبکہ اعلی کارکردگی دکھانے والے ملازمین میں توصیفی اسناد کی تقسیم کیلئے جلد تقریب کا انعقاد کا بھی کیا جائے گا جس میں اچھی کارکردگی دکھانے والوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اہلکاروں میں توصیفی اسناد تقسیم کئے جائینگے۔


شیئر کریں: