Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں فارن فنڈڈ پراجیکٹس کے حوالے سے وزیراعلیِ کے زیرصدارت اجلاس

شیئر کریں:

صوبے میں فارن فنڈڈ پراجیکٹس کے حوالے سے وزیراعلیِ کے زیرصدارت اجلاس

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت صوبے میں فارن فنڈڈ پراجیکٹس کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس پیر کے روز منعقد ہوا جس میں فارن فنڈ ز سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں پر اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ بعض منصوبوں پر پیشرفت میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے سے متعلق اُمور پر تفصیلی گفتگو کی گئی اور متعدد اہم فیصلے کئے گئے ۔ وفاقی وزیر برائے اقتصادی اُمور عمر ایوب خان اور متعلقہ وفاقی حکام نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز اور صوبائی حکومت کے دیگر حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔


اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں اس وقت فارن فنڈزکے تحت 687 ارب روپے مالیت کے 60 مختلف ترقیاتی منصوبوں پر پیشرفت جاری ہے جن میں 97 ارب روپے مالیت کا خیبرپختونخوا سٹیز امپرومنٹ پراجیکٹ ،42 ارب روپے کا کے پی ہائیڈرو پاور پراجیکٹ، 9.5 ارب روپے کا کے پی ری کنسٹرکشن پروگرام ،14 ارب روپے مالیت کا کے پی انٹگرٹیڈ ٹوارزم پراجیکٹ،ساڑھے11 ارب روپے مالیت کا خیبرپاس اکنامک کوریڈور اور دیگر اہم منصوبے شامل ہیں۔اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ مذکورہ منصوبوں میں سے بیشتر پر عمل درآمد کی رفتار تسلی بخش ہے۔


اجلا س میں ان منصوبوں پر پیشرفت کو یقینی بنانے کے سلسلے میں ڈونر اداروں کے ساتھ جڑے مسائل کو بروقت حل کرنے کیلئے ڈونر اداروں کے حکام کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے ان منصوبوں پر ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ صوبائی ووفاقی محکموں اور ڈونرز اداروں کے ساتھ کوآرڈنیشن کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہدایت کیکہ متعلقہ محکمے بعض منصوبوں پر پیشرفت کی رفتار تیز کرنے کے سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے ضروری اقدامات اُٹھائیں ۔ وزیراعلیٰ نے ضم اضلاع سمیت صوبے میں فارن فنڈز سے چلنے والے منصوبوں کی بروقت تکمیل کو اہم ترجیح قرار دیتے ہوئے کہاکہ متعلقہ حکام ان منصوبوں پر مقررہ ٹائم لائنز کے مطابق پیشرفت یقینی بنانے کیلئے ہرممکن کوشش کریں تاکہ عوامی فلاح وبہبود کے ان منصوبوں کو بغیر کسی تاخیر کے مکمل کیا جا سکے ۔ وفاقی وزیر عمر ایوب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بیرونی فنڈ نگ کے تحت جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے وفاقی حکومت خیبرپختونخوا حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی ۔


شیئر کریں: