Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ماہ رمضان میں عوام کو سستی اشیاء کی فراہمی کے لئے متعلق تمام تر تیاریاں مکمل. چیف سیکریٹری

شیئر کریں:

، صوبے میں اشیائے خوردونوش کی اشیاء وافر مقدار میں موجود ہے۔
تمام ضلعی افسران ماہ رمضان میں عوام کو سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائیں۔چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا


پشاور (چترال ٹائمزرپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیرصدارت ماہ رمضان المبارک سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری خوراک، تمام ڈویژنل کمشنرز، محکمہ بلدیات کے حکام سمیت تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکاء کو بریفنگ دیتے ہوئے سیکرٹری خوراک نے کہا کہ ماہ رمضان کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اور صوبے میں اشیائے خوردونوش کی اشیاء وافر مقدار میں موجود ہیں۔اس موقع پر چیف سیکرٹری خیر پختونخوا نے خیبرپختونخوا میں ماہ رمضان سے قبل سستا بازاروں کو فعال کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے بھر میں ماہ رمضان میں کسان مارکیٹوں کو بھی فعال بنایا جائے تاکہ لوگ سستے داموں سبزی اور پھل خریدسکیں۔ اس موقع پر بریفنگ کے دوران موبائل یوٹیلٹی سٹورز کے حوالے سے بتایا گیا کہ موبائل یوٹیلٹی سٹورز کی تعداد بڑھانے کی ضرورت ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ کم نرخ میں اشیائے خوردونوش خریدیں جس پر ایم ڈی یوٹیلٹی سٹورز مہتاب بنوری نے اجلاس کو بتایا کہ یوٹیلٹی سٹورز حکام خیبرپختونخوا کے ہر ضلع کی سطح پر 2,3 یوٹیلٹی موبائلز فراہم کریں گے۔

یوٹیلٹی موبائلز کی فراہمی سے متعلق تمام ریجنل مینجرز متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ ملاقات کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یوٹیلٹی حکام کی جانب سے حکومت خیبرپختونخوا کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے اجلاس کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ضلعی انتظامیہ، حلال فوڈ اتھارٹی و دیگر متعلقہ حکام کو اشیائے خوردونوش کی دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے انسپکشنز میں مزید سختی کریں اور ماہ رمضان میں ذخیرہ اندوزی، گرانفروشی اور زائدالمیعاد اشیاء کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سیٹیزن پورٹل کے ذریعے اشیائے خوردونوش سے متعلق شکایات پر فوری ایکشن لیں۔بریفنگ کے دوران سیکرٹری خوراک نے کہا کہ صوبے میں آٹا 10 اور 20 کلو کے تھیلوں میں دستیاب ہوگا۔اس موقع پر محکمہ بلدیات کے اعلی حکام نے اجلاس کو بتایاکہ پچھلے سال صوبے بھر میں 65 سستا بازار قائم کئے گئے تھے۔ تاہم اس سال عوام کے لئے سستی اشیاء کی فراہمی کے لئے سستا بازاروں کی تعداد میں اضافہ کیا جائے گا۔تمام ضلعی افسران کو احکامات جاری کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے کہا کہ رمضان سے پہلے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز پرائس ریویو اجلاس کے انعقاد کو یقینی بنائیں اور اس میں اشیاء کی قیمتوں کا تعین کریں اور آٹے، چینی و دیگر اشیائے خوردونوش کا وزن برقرار رکھا جائے اور ناپ تول میں کمی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ تمام انتظامی سیکرٹریز صوبے میں قائم سستا بازاروں کی نگرانی کے لئے وقتاً فوقتاً دورے کریں گے۔ صوبے میں ماہ رمضان میں بجلی اور گیس لوڈشیڈنگ جیسا اہم مسئلہ بھی زیر بحث رہا۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے اجلاس کو بتایا کہ ماہ رمضان میں بجلی و گیس کی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے لئے متعلقہ حکام کے ساتھ رابطہ کریں گے اور وقتاً فوقتاً ان سے ملاقات بھی کریں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
58627