Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

بی آرٹی کو انٹر نیشنل گولڈ اسٹینڈرڈ سروس ایوارڈ ملنا پورے ملک کے لئے اعزاز ہے۔وزیراعلی

شیئر کریں:

بی آرٹی کو انٹر نیشنل گولڈ اسٹینڈرڈ سروس ایوارڈ ملنا پورے ملک کے لئے اعزاز ہے۔وزیراعلی

پشاور ( چترال ٹایمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ بس ریپڈ ٹرانزٹ (بی آرٹی) پشاور کو انٹر نیشنل گولڈ اسٹینڈرڈ سروس ایوارڈ ملنا نہ صرف صوبائی حکومت بلکہ پورے ملک کے لئے ایک اعزاز کی بات ہے جس پر محکمہ ٹرانسپورٹ ، ٹرانز پشاور اور پی ڈی اے سمیت تمام شراکت دار اور خصوصاً پشاور کی عوام مبارکباد کے مستحق ہیں۔ بی آرٹی پشاور کو گولڈ اسٹینڈرڈ سروس ایوارڈ ملنے پر پاکستان یہ اعزاز حاصل کرنے والا دنیا کا ساتواں ، ایشیاءکا تیسرا اور برصغیر کا پہلا ملک بن گیا ہے۔


اس سلسلے میں یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ بی آرٹی پشاور پاکستان تحریک انصاف حکومت کا ایک عوام دوست منصوبہ ہے جو صوبائی دارالحکومت پشاور میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم میں ایک انقلاب لے آیا ہے۔ بلاشبہ یہ منصوبہ بین الاقوامی معیار کا ایک منصوبہ ہے جسے انٹرنیشنل بی آرٹی اسٹینڈرڈ ٹیکنیکل کمیٹی نے گولڈ اسٹینڈرڈ ایوارڈ دیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی آرٹی پشاور کو یہ ایوارڈ ملنا صوبائی حکومت، متعلقہ محکموں اور تمام شراکت دار اداروں کی اجتماعی کامیابی ہے جس کے لئے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے خراج تحسین کے مستحق ہےں جن کی انتھک کوششوں کے نتیجے میں یہ پراجیکٹ نہ صرف کامیاب ہوا بلکہ اس کو بین الاقوامی سطح پر ایک بہترین پبلک ٹرانسپورٹ سروس کے طور پر مانا بھی گیا۔

محمود خان کا کہنا تھا کہ بی آرٹی پشاور کے لئے گولڈ اسٹینڈرڈ ایوارڈ مخالفین اور ناقدین کی بے جا تنقید کا بھی جواب ہے جو انہوں نے عوامی فلاح و بہود کے اس اہم منصوبے کو متنازعہ بنانے اور اسے ناکام ثابت کرنے کے لئے کی تھی۔ انہوں نے کہا ہے کہ بی آرٹی کی تکمیل سے روزانہ کے حساب سے ڈھائی لاکھ سے زائد مسافر بہترین سفری سہولیات سے مستفید ہو رہے ہیں اور اب تک سوا سات کروڑ سے زائد لوگوں نے بی آرٹی میں سفر کیا ہے۔ بی آرٹی کی اس عوامی افادیت کے پیش نظر صوبائی حکومت مزید بسیں بیڑے میں شامل کر رہی ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ اس بہترین سفری سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ بی آرٹی پشاور ملک میں اپنی نوعیت کا پہلا تھرڈ جنریشن بی آرٹی سسٹم ہے جو پبلک ٹرانسپورٹ نظام میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ محمود خان کا کہنا تھا کہ بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کے بعد بی آرٹی پشاور کی بین الاقوامی سطح پر پذیرائی یقینا صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام کے لئے باعث فخر ہے اور صوبائی حکومت عوامی فلاح و بہود کے ایسے دیگر اہم منصوبوں کی تکمیل کے لئے بھی پر عزم ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
58531