Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت چترال سمیت صوبے کے 4 مقامات میں انٹیگریٹڈ ٹوورزم زونزکے قیام کیلے عملی اقدامات کررہی ہے۔بریفنگ

شیئر کریں:

خیبرپختونخوا اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم اور امور نوجوانان کے اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں اجلاس کا انعقاد


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم، عجائب گھر اور امور نوجوانان خیبرپختونخوا صوبے کے 4 مختلف مقامات مانسہرہ، چترال، سوات اور ایبٹ آباد میں انٹیگریٹڈ ٹوورزم زونز کے قیام کے لئے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ تمام سہولیات سے آراستہ صوابی ہنڈ پارک پر محکمہ 4 ارب روپے خرچ کرے گی۔ سیاحت کے فروغ کے لئے ہزارہ و مالاکنڈ میں گھنے جنگلات سے گزرتے ہوے سڑکوں کی تعمیر کے لئے بھی امور استوار ہو چکے ہیں۔ صوبائی محکمہ ثقافت نے سال 2018 تا اب تک فنکاروں کی فلاح و بہبود پر 13کروڑ 65لاکھ روپے، جبکہ کل 30 ثقافتی سرگرمیوں پر تقریباً 2کروڑ 5 لاکھ روپے خرچ کر چکی ہے۔ محکمہ امور نوجوانان کے زیر انتظام ضلع تور غر میں درجہ چہارم کے بھرتی عمل پر تحفظات کا اظہار۔یہ بحث مباحثہ گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم اور امور نوجوانان کے اسمبلی کانفرنس ہال پشاور میں منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

کمیٹی کے چیئرمین و ایم پی اے محمد ادریس نے اجلاس کی صدارت کی۔اس موقع پر کنڈ پارک نوشہرہ، ضلع دیر پایان میں سٹیڈیم کی تعمیر و اخراجات جبکہ اضلاع کی سطح پر کھیلوں کے میدانوں کی تعمیر اور ان کیلیے کلاس4 بھرتیوں کے عمل سے متعلق سیر حاصل گفتگو ہوئی۔ ایم پی اے ھدایت الرحمٰن نے صرف چترال میں 22 کھیل کے میدان تعمیر کرانے پر صوبائی حکومت کو خراج تحسین پیش کیا، تاہم ان مذکورہ منصوبوں میں ناقص مواد کے استعمال اور اس سلسلے میں عوامی شکایات کے ازالے کے لئے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست پر چیئرمین کمیٹی محمد ادریس نے حکام کو احکامات جاری کئے۔ ایم پی اے لائق محمد خان کا محکمہ امور نوجوانان کے زیر انتظام ضلع تور غر میں درجہ چہارم کے بھرتی عمل پر تحفظات اور اس ضمن میں باقاعدہ انکوائری کرنے کی درخواست پر چیئرمین محمد ادریس نے متعلقہ آفسران کو 3 ہفتے کے اندر کمیٹی کو تفصیلی رپورٹ بمعہ تمام دستاویزات کے پیش کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔

انہوں نے ماحول دوست سیاحتی فروغ یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ اجلاس میں ممبران کمیٹی و اراکینِ صوبائی اسمبلی احتشام جاوید، ھدایت الرحمان، سردار خان، سمیہ بی بی اور ایم پی اے بہادر خان علاوہ سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت، کھیل، آثارقدیمہ، میوزیم، عجائب گھر اور امور نوجوانان خیبرپختونخوا، اسسٹنٹ وڈپٹی سیکرٹریز صوبائی اسمبلی، ڈائریکٹرز آثارقدیمہ، امور نوجوانان، کھیل، ثقافت و سیاحت، اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل، سیکشن آفیسر محکمہ قانون اور دیگر متعلقہ آفسران بھی شریک تھے۔


شیئر کریں: