Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 10 وفاقی وزارتوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں

شیئر کریں:

مواصلات کی وزارت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں میں پہلے نمبر پر رہی،

اسلام آباد(سی ایم لنکس)مواصلات کی وزارت بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں میں پہلے نمبر پر رہی۔ جمعرات کو یہاں منعقدہ تقریب میں وزیراعظم عمران خان نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 10 وفاقی وزارتوں میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔مواصلات کی وزارت کی طرف سے وفاقی وزیر مراد سعید اور سیکرٹری مواصلات نے تعریفی سند وصول کی۔ وزیراعظم عمران خان نے مواصلات کی وزارت کی بہترین کارکردگی پر وفاقی وزیر مراد سعید کو شاباش دی اور کہا کہ وہ سب سے نوجوان وزیر ہیں، انہوں نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کی وزارت کی طرف سے اسد عمر، تخفیف غربت کی طرف سے ڈاکٹر ثانیہ نشتر، تعلیم کی وزارت کی طرف سے متعلقہ وفاقی سیکرٹری، انسانی حقوق کی وزارت کی طرف سے وفاقی وزیر شیریں مزاری، صنعت و پیداوار کی طرف سے وفاقی وزیر خسرو بختیار، نیشنل سکیورٹی ڈویڑن کی طرف سے وزیراعظم کے مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، کامرس اینڈ ٹریڈ کی طرف سے وزیراعظم کے مشیر عبدالرزاق داؤد، وزارت داخلہ کی طرف سے وفاقی وزیر شیخ رشید احمد اور قومی غذائی تحفظ کی وزارت کی طرف سے فخر امام نے وزیراعظم سے تعریفی اسناد وصول کیں۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اسٹیبلشمنٹ شہزاد ارباب نے اس موقع پر وزیراعظم کو وفاقی وزارتوں کی کارکردگی کے بارے میں آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پرفارمنس ایگریمنٹ کا نظام موثر گورننس کے طور پر سامنے آیا ہے، اس کے تحت کارکردگی جانچنے کا سادہ اور آسان طریقہ کار وضع کیا گیا ہے، پانچ وزارتوں کی کارکردگی 90 فیصد سے زائد رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پہلی بار کارکردگی کی بنیاد پر وزارتوں کی رینکنگ کی جا رہی ہے۔

chitraltimes pm awarded certificats to ministers 2
PRIME MINISTER IMRAN KHAN AWARDS PERFORMANCE CERTIFICATE TO SAPM ON POVERTY ALLEVIATION DR. SANIA NISHTAR AT ISLAMABAD ON 10TH FEBRUARY, 2022

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ گورننس کا مقصد عوام کی زندگیوں میں بہتری لانا ہے، جزا و سزا کے بغیر کوئی بھی سسٹم کامیاب نہیں ہو سکتا، بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں کو بونس اور مراعات دی جائیں گی، مسائل کے حل کیلئے غیرروایتی سوچ اور طرزعمل اختیار کرنا ہوگا، نیب میں اصلاحات کے بعد بیوروکریسی کے پاس کام نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی 10 وفاقی وزارتوں میں تعریفی اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر وفاقی وزرا، معاونین خصوصی، وفاقی وزارتوں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ سرکاری حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے تقریب میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں جن میں وزارت مواصلات، منصوبہ بندی و ترقی، تخفیف غربت، وفاقی تعلیم، انسانی حقوق، صنعت و پیداوار، قومی سلامتی ڈویڑن، تجارت، داخلہ اور قومی غذائی تحفظ شامل ہیں، میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔ وزیراعظم نے وزارتوں کی کارکردگی جانچنے کا نظام لاگو کرنے پر ارباب شہزاد اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دی۔وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ تقریب کے انعقاد سے قبل بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں کے نام افشا نہ کئے جائیں تاکہ تمام وزرا تقریب میں موجود ہوں اور ان کی وزارت کی کارکردگی سب کے سامنے آشکار ہو تاکہ جن وزارتوں کی کارکردگی زیادہ بہتر نہیں اور جن منسٹرز نے کام نہیں کیا، ان میں کام کرنے کی تحریک پیدا ہو۔وزیراعظم نے کہا کہ کوئی بھی سسٹم جزا و سزا کے بغیر کامیاب نہیں ہو سکتا۔ وزیراعظم نے نجی شعبہ کے ہسپتالوں کی مثال دی جن میں تنخواہیں اور مراعات سرکاری ہسپتالوں سے کم ہیں لیکن ان کی کارکردگی بہتر ہے کیونکہ وہاں ترقی اور مراعات سنیارٹی کی بنیاد پر نہیں بلکہ کارکردگی کی بنیاد پر دی جاتی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے کارکردگی جانچنے کا نظام وضع کیا ہے جس سے سرکاری اداروں کی کارکردگی اور گورننس میں بہتری آئے گی۔وزیراعظم نے مواصلات کے وفاقی وزیر مراد سعید کو بہترین کارکردگی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ نوجوان وزیر ہیں اور انہوں نے بہترین کام کیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک کو خودانحصاری کی جانب گامزن کرنے کیلئے وزارتوں کا کردار اہم ہے، ہمیں برآمدات بڑھانے اور ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، عوام کی زندگی کو بہتر بنانا اور انہیں غربت سے نکالنا ہمارا مشن ہے، مسائل کے حل کیلئے روایتی سوچ سے نکل کر غیرروایتی سوچ اور طرزعمل اختیار کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی وزارتوں کو بونس دیئے جائیں گے، بلاتفریق سب کو مراعات دینے کا نظام نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے اقدامات سوچیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ نیب میں اصلاحات کے بعد اب بیوروکریسی کے پاس کام نہ کرنے کا کوئی بہانہ نہیں۔

chitraltimes pm awarded certificats to ministers and addressing
PRIME MINISTER IMRAN KHAN ADDRESSING AT PERFORMANCE CERTIFICATES AWARD CEREMONY IN ISLAMABAD ON 10TH FEBRUARY, 2022

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
58272