Chitral Times

Apr 16, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم عمران خان کا بلدیاتی انتخابات کیلئے پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کی ہدایت

شیئر کریں:

اسلام آباد ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعظم پاکستان عمران خان سے پیر کے روز وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں خیبر پختونخواہ سے پاکستان تحریک انصاف کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی سکیموں، عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات اور پارٹی کی تنظیم سازی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے تمام منتخب نمائندوں کو اپنے اپنے حلقوں میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں پارٹی امیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے مقامی سطح پر پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کی بھی ہدایت کی۔


ملاقات میں وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید، ارکان قومی اسمبلی حیدر علی خان، سلیم رحمان، صاحبزادہ صبغت اللہ، محبوب شاہ ، محمد بشیر خان، جنید اکبر، محمد نواز خان اور صالح محمد جبکہ اراکین صوبائی اسمبلی نذیر احمد عباسی، حاجی قلندر خان لودھی، مشتاق احمد غنی، زبیر خان، تاج محمد، وزیر زادہ، محمد اعظم خان، ہمایوں خان، لیاقت علی خان، شفیع اللہ،محمد دیدار خان، عبدالغفار، سید اقبال میاں، شکیل احمد، پیرمصور خان، سید احمد حسین شاہ، بابر سلیم سواتی، نوابزادہ فرید صلاح الدین، محمد اقبال خان، سید غازی غزن جمال، شوکت علی یوسف زئی، نصیر اللہ خان، شرافت علی، عزیزاللہ خان، فضل حکیم خان یوسفزئی، امجد علی اور محب اللہ خان شریک تھے۔

دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے دوآبہ بازار ہنگو میں ٹریفک اہلکاروں پر نامعلوم افراد کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں دو ٹریفک اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت لواحقین کے غم میں برابر کی شریک، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
57907