Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کا 98 فیصد ہدف حاصل کر لیا۔ بیرسٹر محمد علی سیف

شیئر کریں:

خیبرپختونخوا میں انسداد پولیو مہم کا 98 فیصد ہدف حاصل کر لیا۔ بیرسٹر محمد علی سیف

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا میں جاری انسداد پولیو مہم کا 98 فیصد ہدف حاصل کر لیا ہے جو کہ جوش آئند اور پولیو فری پاکستان کی جانب اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ یہاں اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں معاون خصوصی اطلاعات بیرسٹر سیف نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کے دوسرے مرحلے میں صوبے کے 19 اضلاع میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں آج ضلع پشاور اور خیبر میں کیچ اپ مہم جاری ہے اس دوران ان بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے جو مہم کے گزشتہ دنوں میں کسی وجہ سے رہ گئے تھے۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ وزیراعلیٰ محمود خان کی جانب سے صحت کے شعبہ پر خصوصی توجہ اور پولیو کے خاتمے کے سنجیدہ اقدامات کی بدولت ہر انسداد پولیو مہم کے دوران صوبے کے ہر بچے تک پہنچا جا رہا ہے اور اہداف حاصل کیے جا رہے ہیں۔ صوبے میں جاری انسداد پولیو مہم کے دوسرے مرحلے میں 14 ہزار پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر قطرے پلا رہی ہیں۔ ان پولیو ٹیموں کی سیکورٹی کے لیے 22 ہزار سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ انسداد پولیو مہم کے دوران صوبے بھر میں 43 لاکھ 76 ہزار 28 بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا اور اب تک 42 لاکھ 86 ہزار 480 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جا چکے ہیں۔ مجموعی طور پر 97 اعشاریہ 95 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے جبکہ اس وقت دو اضلاع پشاور اور خیبر میں کیچ اپ مہم جاری ہے۔ بیرسٹر سیف نے یہ ہدف حاصل کرنے پر محکمہ صحت کے حکام، ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے کوآرڈینیٹر، پولیو ورکرز اور سیکورٹی ڈیوٹی پر مامور پولیس کے جوانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ بہت نہ صرف خیبرپختونخوا بلکہ پورے ملک پولیو فری ہو جائے گا۔


شیئر کریں: