Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ کا بیغیرپروٹوکول پشاور کے مختلف علاقوں کا دورہ، ٹریفک منیجمنٹ پر عدم اطمینان کا اظہار

شیئر کریں:

وزیراعلیٰ کا بیغیرپروٹوکول پشاور کے مختلف علاقوں کا دورہ، ٹریفک منیجمنٹ پر عدم اطمینان کا اظہار

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے جمعہ کے روز بغیر کسی سکیورٹی پروٹوکول صوبائی دارالحکومت پشاور کے مختلف علاقوں کا اچانک دورہ کیا جن میں جی ٹی روڈ، یونیورسٹی روڈ، حیات آباد، رنگ روڈ اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے ان علاقوں میں ٹریفک کی روانی اور صفائی ستھرائی کی صورتحال کا بغور جائزہ لیا۔


وزیر اعلیٰ نے یونیورسٹی روڈ پر ٹریفک منیجمنٹ کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹریفک کو یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر مصروف سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں رنگ روڈ پر ٹریفک اہلکاروں کی غیر حاضری کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ٹریفک سے رپورٹ طلب کرلی۔ وزیر اعلیٰ نے کوہاٹ روڈ پل تا جی ٹی روڈ پل رنگ روڈ پر صفائی کی ابتر صورتحال، سینٹر میڈین کی خستہ حالی اورٹریفک لائٹس کی خرابی پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پشاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اور واٹر سپلائی اینڈ سنیٹیشن کمپنی پشاور کے حکام کو رنگ روڈ کے مذکورہ سیکشن پر صفائی کی صورتحال بہتر بنانے، سینٹر میڈین کی مرمت اور لائٹس کی تنصیب کے لئے فوری اقدامات اٹھا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

اس دوران وزیر اعلیٰ نے رنگ روڈ پر زیر تعمیر ہزارخوانی پبلک پارک کے تعمیراتی کام کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ حکام کو پارک پر کام کی رفتار تیز کرنے اور مقررہ وقت میں پارک کو عوام کے لئے ہر لحاظ سے کھولنے کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پشاور شہر کی خوبصورتی کو اپنی اصلی حالت میں بحال کرنا اور اسے دوبارہ سے پھولوں کا شہر بنانا موجودہ صوبائی حکومت کی ترجیحات کا حصہ ہے اور اس مقصد کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں جبکہ پشاور میں ٹریفک کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لئے قلیل المدتی اور طویل المدتی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ وہ صوبائی دارالحکومت پشاور سے متعلق تمام امور کی خود نگرانی کررہے ہیں اور وہ شہر کے اچانک دوروں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھیں گے۔

وزیراعلیٰ کا بلوچستان میں سیکورٹی فورسز پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشتہ دنوں بلوچستان کے علاقہ کیچ میں سکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں پاک فوج کے دس جوانوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہداءکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور قوم کو پاک فوج کی قربانیوں پر فخر ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاک فوج کے جوانوں کی یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

دریں اثنا وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے گاؤں عیدک میں نامعلوم افراد کی پولیو ورکر پر فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں پولیو ورکر کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلی نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

وزیراعلیٰ کا سینئر صحافی اور جرنلزم ڈیپارٹمنٹ پشاور یونیورسٹی کے بانی چیئرمین ڈاکٹرحافظ ثنااللہ خان کے انتقال پر اظہار افسوس

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے سینئر صحافی اور جرنلزم ڈیپارٹمنٹ پشاور یونیورسٹی کے بانی چیئرمین ڈاکٹر حافظ ثناءاللہ خان کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ صحافت کے شعبے میں مرحوم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مرحوم شعبہ صحافت کی ایک قد آور شخصیت اور استادوں کے استاد تھے اور صحافت کے شعبے میں آپ کی گرانقدر خدمات کو عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
57826