Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ جنگلات نے تریچ تورکہو اور دیر بالا کے دو علاقےوادی کمراٹ اور کوہستان کو محفوظ (Conservancies)قرار دیا ہے

شیئر کریں:

حکومت نے اضلاع مانسہرہ اور نوشہرہ میں تین مقامات کو نیشنل پارک کی حیثیت بھی دی ہے

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) حکومت خیبرپختونخوا نے ضلع مانسہرہ کے دو مقامات کو فوری طور پرنیشنل پارک کی حیثیت دی ہے اس حوالے سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ضلع مانسہرہ کے کاغان فارسٹ ڈویژن میں ریزروڈ فارسٹ(Reserved Forest) کے دو مقامات5455.82 ایکڑعلاقہ کمال بن اور19971.77 ایکڑعلاقہ ملکنڈی کو فوری طور پر نیشنل پارک(National Park) کی حیثیت دی ہے۔ اسی طرح ضلع نو شہرہ کے پشاور فارسٹ ڈویژن میں ریزروڈ فارسٹ کے 5236ہیکٹر علاقہ نظام پور کو بھی فوری طور پر نیشنل پارک کی حیثیت دی گئی ہے۔

مزید برآں حکومت خیبر پختونخوا نے فوری طور پرسوات وائلڈلائف ڈویژن اور ہری پور وائلڈلائف ڈویژن کے مقامات جن میں ضلع ہری پور میں 7225.26ہیکٹرمخنیال خان پور کا علاقہ،ضلع سوات میں 370ہیکٹر بر قلہ بش بنڑ کا علاقہ اور ضلع بونیر کے دوعلاقے 2647.858 ہیکٹرمنگل تھانہ اور 2392.502 ہیکٹرملکہ مہابنڈ شامل ہیں کو خصوصی سائنسی مفاد(Site for Special Scientific Interest) کے لئے مخصوص قرار دیا ہے۔

دریں اثناء حکومت خیبر پختونخوا نے اضلاع دیر،سوات اور چترال میں وائلڈلائف ڈویژنز کے مقامات جن میں ضلع سوات کے دوعلاقے 20380 ہیکٹر مانکیال اور109898ہیکڑ کالام، چترال بالا میں 262228ہیکٹر تریچ تورکوہ علاقہ اور ضلع دیر بالا کے دو علاقے27056 ہیکڑوادی کمراٹ اور 29742ہیکڑدیر کوہستان شامل ہیں کو محفوظ (Conservancies)قرار دیا ہے۔اس امر کا اعلان محکمہ جنگلات و ماحولیات ا ور جنگلی حیات حکومت خیبرپختونخواکے جاری کردہ علیحدہ علیحدہ اعلامیے میں کیا گیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں, چترال خبریںTagged
57791