Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاک افغان سرحد پر 2680 کلومیٹر باڑ مکمل ہو چکی ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

شیئر کریں:

پاک افغان سرحد پر 2680 کلومیٹر باڑ مکمل ہو چکی ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید احمد

اسلام آباد( چترال ٹائمز رپورٹ)وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاک افغان سرحد پر 2680 کلومیٹر باڑ مکمل ہو چکی ہے، مولانا کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہیں گے۔جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ لاہور میں بم دھماکہ ہوا ہے، اسی طرح اسلام آباد میں 18 تاریخ کو ایک پولیس اہلکار شہید اور دو دہشت گرد مارے گئے، ٹی ٹی پی نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول کی ہے، اس سے پہلے بھی اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر حملے کئے گئے، ٹی ٹی پی کے ساتھ مذاکرات چل رہے تھے، یہ حملے خاص مقاصد کے لئے کئے جا رہے ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر 2680 کلومیٹر باڑ مکمل ہو چکی ہے، بلوچستان ایران سرحد پر 200 کلومیٹر باڑ لگانا باقی ہے۔انہوں نے کہا کہ مولانا کو اسلام آباد آمد پر خوش آمدید کہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور دھماکے کے بعد ہسپتال آنے والے کارکنوں سے بدتمیزی میں کوئی پولیس اہلکار ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔

حکومت نے بچوں میں غذائی کمی پر قابو پانے کے لئے پسماندہ اضلاع میں 50 سینٹرز قائم کئے ہیں، سینیٹر ثانیہ نشتر کا ایوان بالا میں جواب


اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ و تخفیف غربت سینیٹر ثانیہ نشتر نے کہا ہے کہ حکومت نے بچوں میں غذائی کمی پر قابو پانے کے لئے پسماندہ اضلاع میں 50 سینٹرز قائم کئے ہیں، جون 2022ء میں ہر ضلع میں یہ سینٹرز قائم کر دیئے جائیں گے۔جمعہ کو ایوان بالا کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر سیمی ایزدی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ غذائیت میں کمی کے باعث بچوں کا قد چھوٹا رہ جاتا ہے، غربت، ناخواندگی، کم عمری کی شادی، بچوں میں بیماریاں بھی اس کا سبب بنتی ہیں، اس بارے میں آگاہی کی کمی بھی ایک بڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے احساس نشو و نما پروگرام شروع کیا ہے جس کے تحت پسماندہ اضلاع میں 50 ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں سینٹرز کھولے گئے ہیں جبکہ جون 2022ء میں ہر ضلع میں یہ مراکز قائم کئے جائیں گے۔وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا کہ پانچ سال سے کم عمر بچوں میں 53.7 فیصد اینیما اور 40.2 خوراک کی کمی کا شکار ہیں، وزیراعظم کی ہدایت پر نیشنل ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے جس کا ہدف 67 اضلاع کے خواتین و بچوں کی دیکھ بھال سے متعلق اقدامات کرنا ہے۔


شیئر کریں: