Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف سے پی ٹی آئی اپر چترال کے وفد کی ملاقات

شیئر کریں:

صوبائی حکومت تمام اضلاع کی ترقی پر یکساں توجہ دے رہی ہے۔ بیرسٹر محمد علی سیف
گلیات میں برفباری جاری ہے، شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ معاون خصوصی اطلاعات


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے محکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی قیادت میں صوبائی حکومت تمام اضلاع کی ترقی پر یکساں توجہ دے رہی ہے۔ معاون خصوصی اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف اپر چترال کے وفد سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔ وفد میں تحریک انصاف اپر چترال کے سینئر رہنما امین الحسن، محمد قاسم، سابقہ صدر یوتھ ونگ محمد ہارون، نصیر احمد اور زبیر احمد چترالی شامل تھے۔ اس موقع پر آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پارٹی رہنماؤں نے معاون خصوصی اطلاعات کو علاقے کی سیاسی صورتحال، بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنی تیاریوں اور درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا۔ معاون خصوصی نے وفد کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ چترال میں عالمی شہرت کے حامل سیاحتی مقامات موجود ہیں جنہیں صوبائی حکومت مزید سہولیات سے آراستہ کر رہی ہے تاکہ ان مقامات کی سیاحتی استعداد سے پوری طرح استفادہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت شندور چترال کو ایکسپریس وے سے منسلک کرنے کے منصوبے پر کام شروع کرنے جا رہی ہے جس سے علاقے میں ترقی کے نئے دور کا آغاز اور سیاحت میں بے پناہ اضافہ ہوگا۔ بیرسٹر سیف نے کہا کہ صوبائی حکومت تمام اضلاع کی ترقی پر یکساں توجہ دے رہی ہے۔

دریں اثناء معاون خصوصی برائے محکمہ اطلاعات بیرسٹرمحمد علی سیف نے اپنے دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ صوبے کے مختلف اضلاع میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ ایسے موسم میں سیاحتی مقامات کی طرف جانے والے افراد احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ انہوں نے مزید کہا کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے اور شہریوں کی بروقت مدد کے لیے پی ڈی ایم اے سمیت ریسکیو 1122 اور گلیات و کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو الرٹ کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں بیرسٹر سیف نے اپر کرم میں گھر کی چھت گرنے کے واقعہ میں اموات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے جانبحق دو خواتین کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا۔


شیئر کریں: