Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم نے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کا افتتاح کردیا

Posted on
شیئر کریں:

وزیراعظم نے سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی کا افتتاح کردیا

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) سپیشل ٹیکنالوجی زونز اتھارٹی (ایس ٹی زیڈ اے) اور پاک آسٹریا فخا شولے(Fachhochschule) انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کے زیر اہتمام پیر کے روز سپیشل ٹیکنالوجی زونز کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان صاحب تقریب کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے خیبرپختونخوا کے پہلے سپیشل ٹیکنالوجی زونز کا باضابطہ افتتاح کیا۔ یہ اسپیشل ٹیکنالوجی زون ملک کا تیسرا اور خیبر پختونخوا کا پہلا سپیشل ٹیکنالوجی زون ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وفاقی وزراءپرویز خٹک ، عمرایوب اور اسد عمر کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل، چیئرمین سپیشل اکنامک زون اتھارٹی عامر ہاشمی اور دیگر بھی تقریب میں شریک تھے۔


اس موقع پر خیبرپختونخوا کے شہر ہری پور میں پاکستان ڈیجیٹل سٹی کے قیام کیلئے زون ڈیویلپر کا پہلا سائنس پی اے ایف انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی اور دوسرا لائسنس خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو جاری کیا گیا۔ دونوں زون ڈیویلپر ز صوبے میں نالج ایکو سسٹم کے فروغ کیلئے پر عزم ہیں جس کی بدولت نہ صرف ٹیکنالوجی کے فروغ سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ نوجوانوں کیلئے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
پاک آسٹریا فخا شولے(Fachochschule) انسٹیٹیوٹ آف اپلائیڈ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی کا اپنا بھی ایک ٹیکنالوجی پارک ہے جس کا مقصد کمرشل سطح پر تحقیق کی حوصلہ افزائی اور پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کا فروغ ہے۔ یونیورسٹی صنعت خاص طور پر ٹیکنالوجی اور ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ سے وابستہ کمپنیوں کے ساتھ گہرے روابط استوار کرنا چاہتی ہے۔ یونیورسٹی میں ابھرتے ہوئے شعبہ جات مصنوعی ذہانت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بائیومیڈیکل انجنیئرنگ میں مہارتوں میں اضافے کیلئے تربیت بھی فراہم کی جاتی ہے۔


خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ جسے زون ڈیویلپرز کا لائسنس بھی جاری کیا گیا ہے۔ ڈیجیٹل سٹی کے قیام کا خواہاں ہے جس پر کام کا بھی آغاز ہو چکا ہے۔ خیبرپختونخوا انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ صوبے میں ہائی ٹیک مینو فیکچر نگ ، کوانٹم کمپیوٹنگ، سائبر سیکیورٹی، مصنوعی ذہانت اور سائبر فزیکل سسٹم کے شعبہ جات میں ٹیکنالوجی کی منتقلی کا ارادہ رکھتی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور سٹارٹ اپ ایکو سسٹم کا مرکز بنتا جارہا ہے۔ خیبرپختونخوا میں ٹیکنالوجی کا شعبہ نوجوانوں کے لئے بے پناہ مواقع پیدا کررہا ہے اور امید ہے کہ ٹیکنالوجی پر مبنی پاکستان کی ترقی کیلئے صوبہ خیبرپختونخوا اہم کردار ادا کرے گا۔

وزیراعلیٰ کا اظہار تعزیت


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے معروف اداکار رشید ناز کے انتقا ل پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہے ۔ اداکاری کے شعبے میں مرحوم کی خدمات کو عرصہ دراز تک یاد رکھا جائے گا۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پشاور کی معروف مذہبی شخصیت مدرسہ دارالقرآن و الحدیث کے بانی شیخ عبد الحمید پر حملے ک مذمت کرتے ہوئے حملے میں شیخ عبدالحمید کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے نے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے پولیس کو اس بہیمانہ قتل کے واقعے میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملوث عناصر قانون کی گرفت سے کسی صورت بچ نہیں سکتے۔ وزیر اعلی نے واقعے میں زخمی ہونے والے مرحوم شیخ عبدالحمید کے بھائی کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے


شیئر کریں: