Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

خیبرپختونخوا میں تعلیمی اداروں کے زیر استعمال پرانی گاڑیوں کے چلنے کی پندرہ اپریل تک توسیع کردی گئی

شیئر کریں:

ڈائریکٹوریٹ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ خیبرپختونخوا نے تعلیمی اداروں کے زیر استعمال پرانی گاڑیوں کے چلنے کی پندرہ اپریل تک توسیع کر دی
تاریخ توسیع گزرنے کے بعد کسی بھی پرانی اور موٹر وہیکل ایگزامینر سے ان فٹ گاڑی کو صوبے کے کسی بھی روٹ پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ فہد اکرام قاضی


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) ڈائریکٹوریٹ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ خیبرپختونخوا نے تعلیمی اداروں کے زیر استعمال پرانی گاڑیوں کی چلنے پر پندرہ اپریل تک توسیع کر دی۔ اس حوالے سے ایک اہم اجلاس ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ خیبرپختونخوا کے دفتر میں منعقد ہوا جس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر طارق عثمان، ڈپٹی ڈائریکٹر پرائیویٹ سکولز ریگولریٹی اتھارٹی، ٹریفک پولیس کے نمائندوں سمیت پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تعلیمی اداروں میں زیر استعمال دسمبر 2000 یا ماڈل سال 2000 سے پہلے رجسٹرڈ تعلیمی اداروں کی گاڑیوں پر پابندی کی تاریخ 15-01-2022 سے بڑھا کر 15-04-2022 مقرر کر دی ہے۔

فیصلے کے مطابق تمام تعلیمی ادارے اپنی ٹرانسپورٹ کے حوالے سے مکمل ڈیٹا موٹر وہیکل ایگزامینر کے ساتھ شیئر کریں گے جس کی سربراہی ڈویڑنل موٹر وہیکل ایگزامینر کرے گا اور یہ خصوصی ٹیکنیکل ٹیم تمام گاڑیوں کی جانچ پڑتال کے بعد تعلیمی اداروں میں چلنے والی گاڑیوں کو استعمال کے لیئے فٹ یا ان فٹ ڈیکلیئر کرے گا اور یہ تمام عمل تین ماہ کے عرصے میں مکمل کیا جائے گا۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل ڈاکٹر طارق عثمان کی زیر نگرانی ایک سب کمیٹی مرتب کی گئی ہے جو اس پورے عمل کی نگرانی کرے گی اور سفارشات کی ایک جامع رپورٹ متعلقہ حکام کو پیش کرے گی۔ ڈائریکٹر ٹرانسپورٹ فہد اکرام قاضی کا کہنا تھا کہ تاریخ توسیع گزرنے کے بعد کسی بھی پرانی اور موٹر وہیکل ایگزامینر سے ان فٹ ہونے والی گاڑی کو صوبے کے کسی بھی روٹ پر چلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔


شیئر کریں: