Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال کے بالائی علاقوں میں ہلکی بارش اور برفباری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری

شیئر کریں:

چترال ( محکم الدین ) پیر کے روز چترال کے مقامات لواری ٹنل ، مڈکلشٹ ، کالاش ویلیز ، بگوشٹ ، گبور اور اپر چترال کے کئی علاقوں میں برفباری اور بارش رہی ۔ لواری ٹنل پر پانچ انچ برف پڑی ۔ جس سے آمدورفت بری طرح متاثر ہوئی ۔ ٹنل پر روڈ صاف کرنے کا سلسلہ جاری رہا ۔ تاہم وقفے وقفے سے برفباری کی وجہ سے گاڑیوں کو روڈ عبور کرنے میں شدید مشکلات اور جانی خطرے کا سامنا کرناپڑا ۔ لواری کے چھوٹے ٹنل سے چترال کی طرف آنے والی اترائی اور دیر کی طرف جانے والی چڑھائی مسافروں اور گاڑیوں کیلئے جو مستقل دردسر بنا ہوا ہے ۔ لوگوں کو شدید تکلیف سے دوچار ہونا پڑا ۔ کیونکہ گاڑیوں کے پھسلن کی وجہ سے مسافر کسی بھی ممکنہ حادثے کے خوف سے گاڑیوں سے نیچے اترے اور پیدل چلنے پر مجبور ہوئے ۔ تاہم بڑی گاڑیوں اور بغیر چین کے مسافر گاڑیوں کو اجازت نہیں دی گئی ۔

برفباری کی وجہ سے کئی گاڑیاں لواری کے آس پاس برف میں پھنسی رہیں ۔ اور لوگوں کو ہدایت کی گئی ۔ کہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں ۔ چترال کے سیاحتی مقامات مڈکلشٹ اور کالاش ویلیز میں دن بھر برفباری جاری رہی ۔ جس سے کافی مقدار میں برف کی تہہ جم چکی ہے ۔ مڈکلشٹ میں مقامی طور پر نوجوانوں نے اسکینگ کا آغاز کیا ہے ۔ اسی طرح کالاش وادی بمبوریت میں روایتی کریک گاڑ کیلئے انیژ گاوں نے برون کو باقاعدہ طور پر منگل کے روز کریک گاڑ کے مقابلے کی دعوت دی ہے ۔ جبکہ برون اور کندیسار کا دوستانہ میچ بھی آج کھیلا گیا ۔ جو بغیر ہار جیت کے اختتام پذیر ہوا ۔ چترال میں برفباری سے طویل خشکی ختم ہو گئی ہے ۔ اور ندی نالوں میں اب پانی کی مقدار میں اضافہ ہوا ہے ۔ لیکن شدید سردی کی وجہ برف کا پگھلاو نہ ہونے برابر ہے ۔ اس لئے گولین ہائیڈل پاور سٹیشن سمیت پرائیویٹ بجلی گھر پانی کی قلت سے دوچار ہیں ۔ اس لئے لوڈ شیڈنگ معمول بن چکا ہے ۔ چترال کے بالائی علاقوں کھوت ، یارخون ، تریچ اور گرم چشمہ کے مختلف مقامات میں برف کی مقدار زیادہ ہے ۔ تاہم رابطہ سڑکیں بحال ہیں ۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
57451