Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پی ایم ایس سکریننگ ٹیسٹ کلعدم قرار،متعلقہ حکام کے خلاف کاروائی کی جائے۔ شوکت یوسفزئی

شیئر کریں:

پی ایم ایس امتحانات کیلئےسکریننگ ٹیسٹ کلعدم قرار،متعلقہ حکام کے خلاف کاروائی کی جائے۔ شوکت یوسفزئی

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے محنت، پارلیمانی امور و انسانی حقوق شوکت یوسفزئی نے خیبر پختونخوا پبلک سروس کمیشن کی طرف سے پراونشل منیجمنٹ سروس کے امتحانات کیلئے سکریننگ ٹیسٹ کو کا لعدم قرار دیتے ہوئے ٹیسٹ سفارشات میں ملوث متعلقہ حکام کے خلاف فوری کاروائی کرکے انکوائری رپورٹ جلد از جلد صوبائی کابینہ اور اسمبلی میں جمع کرنے کی ہدایت کی ہے۔جن امیدواروں کو سکریننگ ٹیسٹ کے ذریعے مقابلے کے امتحان سے باہر کیا گیا تھا انکے دوبارہ تحریری ٹیسٹ لینے کا حکم دیتے ہوئے مستقبل میں سکریننگ ٹیسٹ کے انعقاد سے روکنے کا حکم بھی دیا گیا ہے جبکہ صوبائی پبلک سروس کمیشن کو سکریننگ ٹیسٹ کے ذریعے بھرتی کے عمل کو فی الفور روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے صوبائی کابینہ کے فیصلہ کے بعد تمام سکریننگ ٹیسٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے پبلک سروس کمیشن کو اپنی سالانہ رپورٹ صوبائی اسمبلی میں پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

یہ احکامات صوبائی وزیر محنت و پارلیمانی امور شوکت یوسفزئی کی زیر صدارت پی ایم ایس امتحان سکریننگ ٹیسٹ حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس میں جاری کئے گئے۔اجلاس میں صوبائی اسمبلی کے اراکین خوشدل خان،زبیر خان الائی،نگہت اورکزئی کے ساتھ ساتھ سپیشل سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ زبیر خان،سپیشل سیکرٹری ریگولیشن احمد سعید ترک اور چیف لیجیسلیشن آفیسر شگفتہ نوید نے بھی شرکت کی۔اجلاس میں متعلقہ حکام نے صوبائی وزیر کو انکوائری رپورٹ کے بارے میں بریفنگ دی اور پبلک سروس کمیشن کے رولز 10B کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی گئی۔

صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے کمیٹی کی رپورٹ کو سراہتے ہوئے پبلک سروس کمیشن کے رولز 10b کو کالعدم قرار دیتے ہوئے آئندہ مقابلے کے امتحان کیلئے سکریننگ ٹیسٹ کو غیر قانونی قرار دیدیا اور جو امیدوار سکریننگ ٹیسٹ کے ذریعے باہر کئے گئے ہیں انکے دوبارہ تحریری امتحان لینے کا حکم دید یا۔اراکین اسمبلی خوشدل خان،زبیر خان الائی اور نگہت اورکزئی نے صوبائی وزیر کو اس معاملہ میں اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کی کاروائی کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی۔شوکت یوسفزئی نے سکریننگ ٹیسٹ کی سفارشات اور معاونت کرنے والے اہلکاروں کے خلاف فی الفور کاروائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے رپورٹ کابینہ اور اسمبلی میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔صوبائی وزیر نے کابینہ فیصلے کے بعد تمام سکریننگ ٹیسٹ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے مزید سکریننگ ٹیسٹ کے ذریعے بھرتیاں روکنے کا حکم دیا۔وزیر محنت نے پبلک سروس کمیشن حکام کو اپنی سالانہ رپورٹ اسمبلی میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مستقبل میں سکریننگ ٹیسٹ کو ختم کرنے کی ہدایت کی ہے۔


شیئر کریں: