Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبے میں اشیاخوردنوش کی قیمتوں اور کورونا سے متعلق وزیراعلیٰ کے زیرصدارت اجلاس

شیئر کریں:

صوبے میں اشیاخوردنوش کی قیمتوں سے متعلق وزیراعلیٰ کے زیرصدارت اجلاس

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں سے متعلق ایک اجلاس منگل کے روز منعقد ہوا جس میں صوبہ بھر میں آٹے اور چینی سمیت 17 اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کی تازہ صورتحال ، قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے انتظامیہ کے اقدامات اور دیگر متعلقہ اُمورکا تفصیلی جائزہ لیا گیا ۔ چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری داخلہ خوشحال خان، سیکرٹری خوراک ڈاکٹر کاظم حسین کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔


اجلاس میں خیبرپختونخوا اور دیگر صوبوںمیں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ بھی لیا گیا ۔شرکاءکو بتایا گیا کہ دیگر صوبوں کی نسبت خیبرپختونخوا میں بیشتر اشیائے خوردونوش کی قیمتیں نسبتاً کم ہیں، گزشتہ ایک ہفتے کے دوران سات اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کمی آئی ہے جن میں دال مسور، مونگ، ماش،آلو، ٹماٹر، چینی اور ایری شامل ہیں۔ چھ اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے جن میں آٹا ، بیف، مٹن، گھی ، انڈے اور لہسن شامل ہیں جبکہ چار اشیاءکی قیمتوں میں معمولی اضافہ ہوا ہے جن میں چکن، باسمتی ، گرام اور پیاز شامل ہیں۔ اجلاس کو گندم کی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں اگلے پیداواری سیزن تک گندم کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور فلو ر ملوں کو روزانہ کی بنیاد پر سات ہزار میٹرک ٹن سرکاری گندم دی جارہی ہے ۔شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ گزشتہ سال دسمبر کے مہینے میں صوبہ بھر میں 6722 دُکانوں اور 479 ملوں کو چیک کیا گیا جبکہ 735 افراد کے خلاف کاروائی کی گئی ۔

مجموعی طور پر 19 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے بھی لگائے گئے ۔چینی کے حوالے سے بتایا گیا کہ 85 ہزار میٹرک ٹن سے زائد چینی کا ذخیرہ موجود ہے جبکہ چینی کی قیمتوں پر قابو پانے کیلئے 24 سو سے زائد دکانوں کو چیک کیا گیا ۔352 دکانوں کو وارننگزجاری کی گئیں جبکہ 17 افراد کے خلاف ایف آئی آرز بھی درج کرائی گئی ہیں۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبہ بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتوں سے متعلق ماہانہ کی بنیاد پر رپورٹ تیار کی جائے اور اشیائے خوردونوش کی ذخیرہ اندوزی اور خود ساختہ مہنگائی پر کڑی نظر رکھی جائے ۔ اُنہوںنے کہا کہ ذخیرہ اندوزی اور سرکاری نرخ سے زائد پر اشیائے خوردونوش کی فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت سے سخت ایکشن لیا جائے ۔ وزیراعلیٰ نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے متعلقہ اضلاع میں سرکاری نرخنامے پر ہر صورت عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ صوبے کے کسانوں کو سرکاری نرخ پر یوریا (کھاد) کی فراہمی کیلئے ایک موثر میکنزم بنایا جائے ۔
<><><><><><>

chitraltimes Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa Mahmood Khan chairing corona review meeting

وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کورونا سے متعلق اہم اجلاس

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت کورونا سے متعلق اہم اجلاس منگل کے روز وزیراعلی سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہو جس میںکورونا کی نئی قسم اومیکرون کے خصوصی تناظر میں صوبے میں کورونا کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔صوبائی وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد بنگش کے علاوہ محکمہ صحت کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءکو کورونا کی نئی قسم اومیکرون سے نمٹنے کے لئے محکمہ صحت کے انتظامات اور ہسپتالوں کی استعداد کے علاوہ کورونا ویکسینیشن اہداف کے حصول کے لئے اب تک کی پیشرفت اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں اب تک اومیکرون کے 22 مثبت کیسز سامنے آئے ہیںجن میں سے 19 کیسز صوبائی دارلحکومت پشاور میں سامنے آئے ہیں تاہم ان میں سے کوئی بھی ہسپتال میں زیر علاج نہیں ہے۔صوبے میں مجموعی طور پر کورونا کی صورتحال کنٹرول میں ہے،گزشتہ دو ہفتوں کے دوران صوبے میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 0.3 سے 0.6 فیصد کے درمیان رہی ہے،

شرکاءکو آگاہ کیا گیا کہ صوبے میں اس وقت روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے دس ہزار ٹیسٹس کئے جارہے ہیں۔صوبے کے ہسپتالوں میں موجودہ استعداد کے حوالے سے بتایا گیا کہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں کورونا مریضوں کے لئے بستروں اور دیگر سہولیات کی خاطرخواہ گنجائش موجود ہے جن میں1785 لو فلو آکسیجن بیڈز ، 1380 ایچ ڈی یو بیڈز ، 339 آئی سی یو بیڈزاور 339 وینٹلیٹرز شامل ہیں۔ اجلاس کو کورونا ویکسنیشن کے حوالے سے پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے میں اب تک مجموعی طور پر 2 کروڑ 35 لاکھ سے زائد کورونا ویکسینز لگائی جا چکی ہیں۔ ایک کروڑ 3 لاکھ سے زائد افراد کی ویکسنیشن مکمل کی گئی ہے جبکہ 91 لاکھ کے قریب افراد کورونا کی دوسری ویکسین بھی لگا چکے ہیں۔ صوبے میں 12 سال سے زائد عمر کی تقریباً 60 فیصد آبادی کی کورونا ویکسینیشن کی گئی ہے ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ ویکسنیشن کے عمل میں تیزی لانے کیلئے محکمہ صحت کی طرف سے اقدامات جاری ہیں۔ پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران کے ساتھ باقاعدگی سے اجلاس منعقد کئے جاتے ہیں۔ وزیراعلی نے اس موقع پر متعلقہ حکام کو کورونا ویکسینیشن کے عمل کو مزید تیز کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ اُنہوںنے مزید ہدایت کی کہ کورونا ویکسینیشن کے سو فیصد اہداف کے حصول کے لئے حقیقت پسندانہ پلان تیار کیا جائے اور صوبائی دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقوں میں کورونا ویکسینیشن پر خصوصی توجہ دی جائے۔

<><><><><>

وزیراعلیٰ ہریپور میں پولیس اہلکار کی شہادت پر لواحقین سے اظہارتعزیت


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز ہری پور میں مبینہ ڈکیتی کے ملزمان کی فائرنگ سے پولیس اہلکار کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے شہید کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگا ن کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔


دریں اثناءوزیراعلیٰ نے پشتو ادب کے نامور شاعر تسکین مانیروال کے انتقال پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے مرحوم کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے ۔
<><><><><><


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
57216