Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ کا مری ہوٹل مالکان کےخلاف کارروائی کا حکم- مری کا نیا نام ضلع کوہساررکھنےکی تجویز

شیئر کریں:

لاہور(سی ایم لنکس) وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار نے مری کے ہوٹلوں میں اوورچارجنگ کی شکایات پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقررہ کرائے سے زیادہ وصول کرنے والے ہوٹل مالکان کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کمشنر راولپنڈی ڈویڑن اورمتعلقہ حکام اوورچارجنگ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں، کھانے پینے کی اشیاء اور رہائش میں اوورچارجنگ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحتی مقامات پر سیاحوں کو لوٹنے والوں کومعاف نہیں کیا جائے گا، اوورچارجنگ کاروبار نہیں، لوٹ مار کے مترادف ہے جو قطعاً برداشت نہیں۔عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ انتظامیہ سیاحتی مقامات پر ریٹ لسٹ کے مطابق اشیائے صرف کی خرید و فروخت یقینی بنائے، انتظامی افسران اوور چارجنگ کے سدباب کے لئے موثر اقدامات اٹھائیں۔


مری کا نیا نام ضلع کوہسار رکھنے کی تجویز


مری(چترال ٹائمز رپورٹ)مری کو ضلع بنانے کافیصلہ کرنے کے بعد نئے نام کی تجویز بھی سامنے آگئی۔وزیراعلیٰ ہاؤس ذرائع کے مطابق مری کانیانام ضلع کوہسار رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب نے ارکان اسمبلی سے مشاورت کی ہدایت کردی۔ذرائع کے مطابق اس سلسلے میں کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی قائم کی جائے گی۔ یہ اتھارٹی مری کے سیاحتی مقام پر تعمیر و ترقی کی ذمہ دار ہوگی۔

وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے ضلع کے قیام اور کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے لئے ہدایات جاری کردیں۔ ضلع کوہسار سیاحتی لحاظ سے پاکستان کا پہلا سیاحتی ضلع ہوگا جس کی حد بندی کے لئے چیف سیکرٹری، بورڈ آف ریونیو سے سفارشات طلب کرلی گئیں کہ کون کون سے علاقے نئے ضلع میں شامل ہوں گے۔تجویز کردہ ضلع کوہسار کے علاقے کی حدود خیبر پختونخواہ تک ہوگی جبکہ پنڈی کے کچھ علاقے بھی اس ضلع میں شامل ہوسکتے ہیں۔کوہسار ڈویلپمنٹ اتھارٹی ریسکیو اور ریلیف آپریشن کی بھی ذمہ دار ہوگی جبکہ سیاحتی ضلع کو مشینری خریدنے کے لئے خصوصی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔


شیئر کریں: