Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

تمام ڈپٹی کمشنرز بارشوں اور برفباری سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف فراہمی کویقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے حالیہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے صوبے کے مختلف اضلاع میں مکانات کی چھتیں گرنے سمیت دیگر حادثات کے نتیجے میں بارہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مال و املاک کو پہنچنے والے نقصانات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس مشکل گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہے ، انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے ان واقعات میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ دریں اثناءوزیر اعلیٰ صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں بارشوں اور برفباری سے متاثرہ خاندانوں کو ریلیف کی بروقت فراہمی کے لئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو برفباری کی وجہ سے بند سڑکوں کو کھولنے کےلئے روڈ کلیرنس آپریشن جلد شروع کرنے اور پھنسے ہوئے مسافروں اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرکے انہیں تمام تر درکار سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناءمختلف اضلاع سے موصول رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں برفباری سے متاثرہ اضلاع اور سیاحتی مقامات میں انتظامیہ کی طرف سے تمام دستیاب افرادی قوت اور مشینری کے ساتھ سڑکوں سے برف ہٹانے اور رابطہ سڑکوں کو بحال کرنے کے لئے اقدامات کا سلسلہ زور و شور سے جاری ہے اور متعدد رابطہ سڑکوں کو آمدورفت کے لیے کھول دیا گیا ہے۔
<><><><><><><><>

وزیراعلیٰ کا اظہار تعزیت


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ایک ٹریفک حادثے میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے چھوٹے بھائی سالار سنجرانی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے چیئرمین سینیٹ اور ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔


دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے سوات کے علاقہ چارباغ میں کمرے میں گیس بھرنے کے دو مختلف واقعات میں ایک خاتون سمیت تین بچوں کے جاں بحق ہونے پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
<><><><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
57099