Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ایبٹ آباد،سوات، پشاور،مردان چترال، ہریپوراورمانسرہ دارالامان مکمل طور پرفعال ہیں۔ڈاکٹرسمیرا شمس

شیئر کریں:

ایبٹ آباد،سوات، پشاور،مردان چترال، ہریپوراورمانسرہ دارالامان مکمل طور پرفعال ہیں۔ڈاکٹرسمیرا شمس

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) ایم پی اے ڈاکٹر سمیرا شمس چئیر پرسن وومن پارلیمنٹری کاکس خیبرپختونخوا اسمبلی کی زیرِ صدارت خیبرپختونخوا میں موجود دارالامانوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں دارالامان کی نگرانی اور انتظامی مقاصد کو بہتر بنانے کے لئے تمام دارالامانوں میں کیمروں اور پشاور میں ایک سینٹرل کنٹرول روم جہاں ان کی مشترکہ نگرانی کی جاسکے تاکہ انتظامی امور کا ریکارڈ، دارالامانوں میں حادثات کی نگرانی اور دیگر معاملات زیر بحث آئے،اس حوالے سے متعلقہ حکام نے ایم پی اے ڈاکٹر سمیرا شمس کو آگاہ کیا اور تجاویز پیش کیں۔اجلاس میں وائس چیئرپرسن وومن پارلیمنٹری کاکس، ایم پی اے مدیحہ نثار، ایم پی اے ساجدہ حنیف، ایم پی اے عائشہ نعیم اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ایم پی اے ڈاکٹر سمیرا شمس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوئر دیر میں دارالامان کی عمارت کا کرایہ دیا جا رہا ہے مگر عمارت استعمال نہیں ہو رہی اسے جلد از جلد فعال بنایا جائے اور اس عمل میں سست روی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ایم پی اے ڈاکٹر سمیرا شمس کا کہنا تھا کہ دارالامانوں میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کرنے کے لئے بھرتیوں کا عمل پورا کر لیا گیا ہے، پیر تک ان کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ دارالامانوں کے لئے 200 ملین کا بجٹ مختص کیا گیا ہے بجٹ موجودہ دارالامان کو چلانے اور نئے دارالامان بنانے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایبٹ آباد،سوات، پشاور، مردان چترال، ہری پور اور مانسرہ دارالامان مکمل طور پر فعال ہیں۔ کوہاٹ میں کرائسس سینٹر کو اپ گریڈ کر کے دارالامان بنایا جا رہا ہے۔ ایم پی اے ڈاکٹر سمیرا شمس کا کہنا تھا کہ دارالامان ہری پور میں جو سکیورٹی کا مسئلہ تھا موجودہ سیکیورٹی عملہ اس حوالے سے وومن پارلیمنٹری کاکس کو آگاہ کرے تاکہ ہم اس مسئلے کو آئی جی پی خیبرپختونخوا کے ساتھ اٹھائیں۔ان کا کہنا تھا کہ تمام دارالامانوں کے لیے ایک سینٹرلائزڈ ڈیٹا بیس سسٹم بھی بنایا جا رہا ہے۔

ایم پی اے مدیحہ نثار وائس چئیر پرسن وومن پارلیمنٹری کاکس نے سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے حکام کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ڈی آئی خان دارالامان کی بلڈنگ کا مسئلہ جلد از جلد حل کیا جائے تاکہ ڈی آئی خان دارالامان سے مزید مستفید ہوا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم دارالامان کے عملے کے کام کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنانے کے لئے عملے کو صلاحیت سازی کی تربیت بھی فراہم کر رہے ہیں تاکہ عوام کو دارالامانوں میں بہترین عملہ میسر ہو۔


شیئر کریں: