Chitral Times

Apr 24, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

گلیات ودیگرعلاقوں میں برفباری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

گلیات ودیگرعلاقوں میں برفباری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کا عمل تیز کیا جائے۔ وزیراعلیٰ

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کمشنر ہزارہ کو ہدایت کی ہے کہ گلیات اور آس پاس کے علاقوں میں شدید برفباری کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال پر کڑی نظر رکھی جائے اور کسی بھی ناخوشگوار اور ہنگامی صورتحال سے موثر انداز میں نمٹنے کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کیا جائے اور مری سمیت گلیات کے آس پاس علاقوں میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لئے ضروری کاروائیوں کا عمل تیز کیا جائے۔ ہزارہ کے سیاحتی مقام گلیات میں شدید برفباری اور مری میں سیاحوں کو پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر وزیر اعلیٰ نے کمشنر ہزارہ سے ٹیلفونک رابطہ کرتے ہوئے انہیں ان علاقوں میں پھنسے سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کی خود نگرانی کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گلیات، مری اور آس پاس کے علاقوں کی صورتحال پر ہمہ وقت کڑی نظر رکھی جائے،اور انہیں تمام صورتحال سے آگاہ رکھا جائے۔

وزیر اعلیٰ نے کمشنر ہزارہ کو خصوصی ہدایات کی کہ مری میں پھنسے سیاحوں کو ریسکیو کرنے کے لئے راولپنڈی انتظامیہ کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے جبکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیوں کے سلسلے میں راولپنڈی انتظامیہ کے ساتھ قریبی روابط قائم کئے جائیں۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ان سیاحتی مقامات میں گاڑیوں میں پھنسے تمام سیاحوں کو ہوٹلوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے،اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ کیا جائے۔ درایں اثناءوزیر اعلیٰ نے گلیات میں برفباری کی صورتحال سے متعلق یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ گلیات اور آس پاس کے علاقوں کی صورتحال کی خود نگرانی کر رہے ہیں، گلیات میں سیاحوں سے متعلق کوئی ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا، وہاں پر کسی بھی متوقع صورتحال سے نمٹنے کے لئے گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 سمیت ڈسٹرکٹ انتظامیہ کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، گاڑیوں میں موجود تمام سیاحوں کو ہوٹلوں اور دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے جبکہ گلیات میں مزید گاڑیوں کا داخلہ مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلی نے کہا ہے کہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ، گلیات ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ریسکیو 1122 سڑکوں سے برف ہٹانے، برف میں پھنسی گاڑیوں کو نکالنے اور سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لئے تمام تر افرادی قوت اور مشینری کے ساتھ کارروائیوں میں مصروف ہیں۔
<><><><><><>

وزیراعلیٰ کا اپر دیر میں برفباری کے نتیجے میں مکان کی چھت گرنے سے پانچ افراد کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے اپر دیر کے علاقہ ڈوگ درہ میں برفباری کی وجہ سے مکان کی چھت گرنے کے نتیجے میں ماں اور بچوں سمیت پانچ افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعے پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلیٰ نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے اور انہیں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی ہر ممکن مدد کی جائے گی۔


دریں اثناءوزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر اپر دیر کو فوری طور پر ڈوگدرہ پہنچ کر متاثرہ خاندان سے ملنے اور انہیں درکار ہر قسم کا ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے بارشوں اور برفباری کی وجہ سے مختلف واقعات کے نتیجے میں صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی ہونے والے جانی و مالی نقصانات پر بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی نے حالیہ بارشوں اور برفباری کے پیش نظر صوبے کے تمام ڈپٹی کمشنرز اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے ان بارشوں اور برفباری کی وجہ سے کسی بھی متوقع صورتحال سے نمٹنے ، متاثرہ خاندانوں کو بروقت امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے اور برفباری اور لینڈ سیلائیڈنگ کی وجہ سے بند سڑکوں کو آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولنے کے لئے بروقت ضروری کاروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ وزیر اعلی نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو اپنے اپنے اضلاع میں بے گھر لوگوں پناہ گاہوں اور دیگر سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے اور ان کے قیام و طعام کے لئے درکار تمام تر انتظامات کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ کوئی بھی شخص سردی کے اس موسم میں باہر کھلے آسمان تلے نہ سوئے ، حکومت اس مقصد کے لئے تمام تر درکار وسائل فراہم کرے گی۔

دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے مری میں سیاحوں کو پیش آنے والے افسوسناک واقعے پرگہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں متعدد سیاحوں کے جاں بحق ہونے پر متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
57085