Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حالیہ بارشوں اور برفباری کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پروزیراعلی کا اظہارتعزیت

شیئر کریں:

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے حالیہ بارشوں اور برفباری کی وجہ سے صوبے کے مختلف اضلاع میں مکانات کی چھت گرنے سمیت مختلف واقعات کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور مال و املاک کے نقصانات پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کی شریک ہے اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔

دریں اثناءوزیراعلیٰ نے محکمہ ریلیف، ریسکیو 1122، تمام ڈویژنل اور اضلاع کی انتظامیہ کو حالیہ بارشوں اور برفباری کے پیش نظر کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے ، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور متاثرہ خاندانوں کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے لئے ضروری اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ برفباری کی وجہ سے بند ہونے والی رابطہ سڑکوں کو آمد و رفت کے لئے کھولنے کے لئے ضروری کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ لوگوں کو آمد و رفت کے سلسلے میں مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
<><><><><><><>

ضلع سوات کے علاقہ شموزئی کے عمائدین کے ایک وفد کا وزیراعلیٰ سے ملاقات

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے صوبائی وزیرہاو سنگ امجد علی خان کی قیادت میں ضلع سوات کے علاقہ شموزئی کے عمائدین کے ایک وفد نے گزشتہ روز ان کے دفتر میں ملاقات کی اور علاقے میں ترقیای منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے کاموں خصوصاً شموزئی میں انڈسٹریل زون قائم کرنے کے مجوزہ منصوبے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ سوات سے منتخب ممبر صوبائی اسمبلی میاں شرافت علی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفد نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ جس جگہ کی نشاندہی کی گئی ہے وہ زیادہ تر زرعی اراضی ہے ۔ لہٰذا اس انڈسٹریل زون کے لئے کسی دوسری مناسب جگہ کی نشاندہی کی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر سوات سمیت دیگر متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ مذکورہ منصوبے کے لئے کسی دوسری مناسب اور موزوں جگہ کا وزٹ کرکے ایک ہفتے کے اندر رپور ٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ انڈسٹریل زون کے قیام کے لئے کسی ایسی جگہ کی تلاش کی جائے جو غیر زرعی ہونے کے ساتھ ساتھ قابل رسائی بھی ہو۔سوات میں انڈسٹریل زون کے قیام کو علاقے کی ترقی اور لوگوں کو روزگار فراہم کرنے کے لئے ایک اہم منصوبہ قرار دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس انڈسٹریل زون کے قیام سے علاقے میں پیدا ہونے والے پھلوں اور دیگر پیداوارکو مقامی سطح پر پراسسنگ کرکے انہیں قومی اور بین الاقوامی منڈیوں تک پہنچانے میں آسانی ہوگی اور اسی طرح باغبانی کے شعبے سے وابستہ لوگوں کو ان کے محنت کا صحیح صلہ ملے گا۔
<><><><><><><>

دریں اثنا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے لکی مروت میں پولیس پر نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے واقعے میں سی ٹی ڈی اہلکار کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگا ن کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔
<><><><><><><><><>


شیئر کریں: