Chitral Times

Jan 21, 2022

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ہماری مشترکہ منزل مضبوط ومستحکم پاکستان ہےاس مقصد کیلئےعمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعلی

شیئر کریں:

ہماری مشترکہ منزل مضبوط ومستحکم پاکستان ہےاس مقصد کیلئےعمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ وزیراعلی

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ ہماری مشترکہ منزل ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان ہے اور اس مقصد کے لئے عمران خان کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہیں۔ ہم سب ایک پیج پر ہیں ،ہمارا لیڈر ، ہمارا نعرہ اور ہماری منزل ایک ہے۔ کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں، ہماری کامیابی یقینی ہے۔ ہمیں اپنے ذاتی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر اتفاق کا مظاہرہ کرنا ہے۔جمہوری عمل میں کارکنان کی رائے بڑی اہمیت کی حامل ہے اور اس کو ہم بھی اہمیت دیتے ہیں اور ورکرز کے مشورے اور تعاون سے آگے بڑھےں گے۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز ایبٹ آباد اور مانسہرہ میں پارٹی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزراءپرویز خٹک ، اعظم خان سواتی، عمر ایوب کے علاوہ صوبائی کابینہ اراکین شوکت یوسفزئی ، سید احمد حسین شاہ، رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان ، پی ٹی آئی کے مقامی رہنما بابر سلیم سواتی، اجمل خان سواتی اور دیگرنے بھی کنونشن میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی اتفاق و اتحاد سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ جیت کر دکھانا ہے ۔ ان انتخابات کے پہلے مرحلے میں جو غلطیاں ہوئی ہیں دوسرے مرحلے میں وہ نہیں دہرائیں گے اور جو غلطیاں ہوئی ہیں ان سے سیکھیں گے۔کوئی وزیر اعلیٰ،کوئی وزیر نہیں، ہم سب عمران خان کے سپاہی ہےں اور ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ ہم سب نے مل کر عمران خان اور پارٹی کو مضبوط کرنا ہے ، عمران خان مضبوط ہوگا تو ملک مضبوط ہوگا۔عمران خان انتخابات کا نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے مستقبل کا سوچتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ آج بطور چیف ایگزیکٹیو نہیں بلکہ ایک عام ورکر کی حیثیت سے اس پروگرام میں شریک ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت صوبے کی یکساں ترقی کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ضلع مانسہرہ و ایبٹ آباد سمیت ملک کے تمام اضلاع میں عوامی فلاح و بہبود کے متعدد میگا منصوبوں پر کام جاری ہے جن کی تکمیل سے لوگوں کی زندگیوں میں ایک مثبت تبدیلی رونما ہوگی۔ ہماری حکومت پارٹی وابستگی سے بالا تر ہوکر عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہے اور پارٹی کارکنان حکومت کے عوامی فلاح و بہود کے اقدامات کے بارے میں عوام کو آگاہی دیں۔انہوں نے کہا کہ مانسہرہ میں میگا واٹر سپلائی اسکیم آخری مراحل میں ہے جس کا بہت جلد افتتاح کیا جائیگا۔ اس کے علاوہ ضلع میں واٹر سپلائی اور نکاسئی آب کی مختلف اسکیموں پر کام جاری ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مانسہرہ میں میڈیکل کالج کے قیام کا منصوبہ بھی آخری مراحل میں ہے اس کے علاوہ داتا بائی پاس روڈ پر بھی پیشرفت جاری ہے ۔ محمود خان نے کہا کہ بفہ کو تحصیل کا درجہ دینے کااعلامیہ جلد جاری کیا جائیگا ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈویژن ہیڈکوارٹر ایبٹ آباد کے لئے 20 ارب روپے کا ترقیاتی پیکج لارہے ہیں اس کے علاوہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ایبٹ آباد کے لئے ایک ارب روپے منظور کئے گئے ہیں اورمنصوبے پر بہت جلد عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دھم توڑ بائی پاس روڈ بھی بہت جلد مکمل کیا جائیگا۔


وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر پرویز خٹک نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کا صوبائی صدر بنانے پر وہ وزیراعظم عمران خان کے مشکور ہیںاور پارٹی میں اتحاد قائم رکھنا ان کی پہلی ترجیح ہے ۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ سیاسی جدوجہد میں مسائل آتے رہتے ہیں مگر ان مسائل کو حکمت عملی کے ساتھ حل کرنا ہوتا ہے۔ ہم سب عمران خان کے سپاہی ہیں اور پارٹی کی تنظیم سازی میں کارکنان کی رائے کو مقدم رکھےں گے، مقامی سطح پر منتخب عوامی نمائندے اور کارکنان باہمی مشاورت سے متفقہ فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ اگر نیت صاف اور ارادہ مضبوط ہو تو منزل کا حصول آسان ہو جاتا ہے ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان عوام کو ریلیف دینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں اور اس مقصد کے لئے اربوں روپے کی اسکیمیں جاری ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اب ایکسپورٹ بڑھ رہی ہےں اور پاکستان کی معیشت بہتری کی راہ پر گامزن ہے ۔

Old house


وزیراعلیٰ کا آغاسید لیاقت علی شاہ گیلانی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت شاہ قبول اولیاءآغاسید لیاقت علی شاہ گیلانی کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور اُن کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے۔دریںاثناءوزیراعلیٰ نے دیر بالا میں ایمبولینس کے دریا میںگرنے کے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں جاںبحق افراد کی مغفرت اورپسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے وزیراعلیٰ نے واقعے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دُعاکی ہے ۔
<><><><><>

وزیراعلیٰ محمود خان کا جنوبی وزیرستان میں پاک فوج کے دو اہلکاروں کی شہات پر لواحقین سے اظہار تعزیت


پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان اور جنوبی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے دو اہلکاروںفرید اﷲاور شعیب حسن کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کااظہار کیا ہے ۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے شہداءکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اورپسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں امن و امان کی بحالی کیلئے سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں جن کو پوری قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ۔
<><><><><><>


شیئر کریں: