Chitral Times

Apr 25, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

حکومت نےکورونا وائرس کے حوالے سے عائد پابندیوں میں مزید نرمی کردی، ہیلتھ ایمرجنسی برقرار

شیئر کریں:

حکومت نےکورونا وائرس کے حوالے سے عائد پابندیوں میں مزید نرمی کردی، ہیلتھ ایمرجنسی برقرار

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) حکومت خیبرپختونخوا نے این سی او سی کے فیصلے کی روشنی میں کورونا وائرس کے حوالے سے عائد پابندیوں میں مزید نرمی کردی ہے اس حوالے سے محکمہ داخلہ وقبائلی امور حکومت خیبرپختونخوا نے باقاعدہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس کے مطابق صوبے میں کاروباری سرگرمیوں پر عائد وقت کی پابندی کے خاتمے کے علاؤہ ہفتے میں ایک دن کاروباری سرگرمیوں کی چھٹی کی پابندی بھی ختم کردی گئی اسی طرح شادی ہالوں میں آؤٹ ڈور 500 جبکہ انڈور 300 مکمل ویکسینیشن شدہ مہمانوں جبکہ انڈور تقریبات میں 300 اور آؤٹ ڈور 1000 مہمانوں کی اجازت ہوگی اعلامیے میں بتایا گیا کہ رات 12 بجے تک انڈور اور آؤٹ ڈور ڈائننگ کی اجازت سمیت 50 فیصد انڈور ڈائننگ کی اجازت ہوگی جبکہ ہوم ڈیلیوری اور ٹیک آوے سروس 24/7 فعال رہیگی اسی طرح تمام پبلک اور پرائیوٹ دفاتر میں ملازمین کی 100 فیصد حاضری یقینی ہوگی جسکے لئے ملازمین کا مکمل ویکسینیشن شدہ ہونا لازمی ہوگا.

اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام پبلک مقامات پر فیس ماسک پہننا لازمی اور پبلک ٹرانسپورٹ بغیر کسی ہفتہ وار چھٹی کی کھلے رہیں گی جبکہ ٹرانسپورٹ میں 80 فیصد ویکسینٹیڈ مسافروں کی کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کیساتھ اجازت ہوگی، تمام جیمز، مقدس مقامات،ہر قسم کھیل مکمل ویکسینیشن شدہ افراد کے لئے کھلے رکھنے، تفریحی پارکس، واٹر سپورٹس اور سوئمنگ پول 50 فیصد افراد کے لئے کھلے رکھنے اور پبلک پارکس ویکسینٹیڈ افراد کے لئے کورونا ایس او پیز کے تحت بھی کھلے رہینگے۔ محکمہ داخلہ کے جاری اعلامیے کے مطابق اورکزئی، بونیر، صوابی، کرم، ایبٹ آباد اور بٹگرام کے اضلاع میں اچھے ویکسنیشن مہم کی وجہ سے شادی ہالوں   اوٹ ڈور 1000 اور انڈور 500 مہمانوں کی اجازت دی گئی جبکہ انڈور تقریبات 500 اور اوٹ ڈور 1000، انڈور ڈائننگ 70 فیصد،  ٹرانسپورٹ 80 فیصد  کی اجازت بھی دی گئی ہے.

اسی طرح پشاور، چارسدہ اور چترال میں بہترین ویکسنیشن مہم کی وجہ سے کو رونا ایس او پیز پر عمل درآمد کے علاوہ کوئی خاص پابندی نہیں ہوگی۔انڈور اوٹ اور آؤٹ ڈور شادی ہالوں سمیت دیگر تقریبات اور ڈائننگ ہالوں میں مکمل ویکسینیشن شدہ افراد کی شرکت کو یقینی بنایا جائیگا،

اومی کرون کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی میں تین ماہ کی توسیع


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ صحت حکومت خیبر پختونخوا نے اومی کرون کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی میں تین ماہ کی توسیع کر دی ہے، اس سلسلے میں سیکرٹری محکمہ صحت طاہر خان اورکزئی کے دفتر سے جاری اعلامیے کے مطابق کورونا کی پانچویں لہر کے پیش نظر ہیلتھ ایمرجنسی میں تین ماہ کی توسیع کی گئی ہے۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ توسیع اومی کرون ویرئینٹ سے پیدا ہونے والی صورتحال کی پیش نظر کی گئی ہے۔ ہیلتھ ایمر جنسی یکم جنوری تا 31 مارچ 2022 تک مزید تین ماہ کے لئے نافذ رہے گی۔ واضح رہے کہ صوبے میں ہیلتھ ایمرجنسی 31 دسمبر 2021 کو ختم ہونی تھی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
56916