Chitral Times

Apr 18, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

صوبائی حکومت زراعت کو ترقی دینے اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔ وزیراعلیٰ

شیئر کریں:

صوبائی حکومت زراعت کو ترقی دینے اور پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے۔ وزیراعلیٰ

پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت صوبے میں زراعت کو جدید سائنسی خطوط پر ترقی دینے اور زرعی پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کے لئے ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں نتیجہ خیز اقدامات اٹھارہی ہے اور صوبے میں مذکورہ پلان کے تحت مقررہ اہداف کے حصول پر ٹھوس پیشرفت جاری ہے ۔ صوبے کے کسانوں کی معاونت اور انہیں درکار سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں کسان کارڈ کا اجراءاس سلسلے کی اہم کڑی ہے جبکہ صوبے میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر اور کمانڈ ایریا ز کو بڑھانے کے لئے بھی متعدد منصوبوں پر کام جاری ہے۔ صوبے میں زراعت کی ہمہ جہت ترقی کے لئے پہلی فوڈ سیکیورٹی پالیسی تشکیل دی گئی ہے جو صوبے کو زرعی پیداوار میں خود کفیل بنانے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔ اسی طرح صوبے میں لائیو اسٹاک کے شعبے کی ترقی کے لئے ایک خصوصی پروگرام کا بھی اجراءکیا جارہا ہے۔


وہ پیر کے روز بذریعہ ویڈیو لنک وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان سے متعلق منعقدہ ایک اجلاس میں شریک تھے۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا سمیت ملک بھر میں ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان پر عملدرآمد کے سلسلے میں اب تک کی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور اس سلسلے میں اہم فیصلے کئے گئے جبکہ وزیراعظم کی طرف سے اس پلان پر عملدرآمد کی رفتار کو مزید بہتر بنانے کے لئے متعلقہ حکام کو ضروری احکامات جاری کئے گئے۔ متعلقہ وفاقی وزراءاور دیگر اعلیٰ حکام کے علاوہ خیبرپختونخوا پنجاب اور بلوچستان کے وزرائے اعلیٰ اور چیف سیکرٹریز نے بھی بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاءکو ایگریکلچر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت شروع کئے گئے مختلف اقدامات اور منصوبوں پر اب تک کی عملی پیشرفت اور دیگر متعلقہ امور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے گزشتہ روز لنڈی کوتل میں مکان کی چھت گرنے سے ماں اور بچوں سمیت تین افراد جبکہ مردان میں سڑک کے ایک حادثے میں تین چچا ذاد بھائیوں کے جاں بحق ہونے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کی ہے ۔ یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیراعلیٰ نے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جان بحق ہونے والے افراد کی مغفرت اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
56854