
تیمرگرہ میڈیکل کالج دیر لوئرمیں نئے تعلیمی سال سے کلاسوں کے اجراءکو یقینی بنایاجائے۔ وزیراعلیٰ
تیمرگرہ میڈیکل کالج دیر لوئرمیں نئے تعلیمی سال سے کلاسوں کے اجراءکو یقینی بنایاجائے۔ وزیراعلیٰ
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے محکمہ صحت کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ تیمرگرہ میڈیکل کالج دیر لوئرمیں نئے تعلیمی سال سے کلاسوں کے اجراءکو یقینی بنانے کیلئے تمام تر لوازمات اور تیاریوں کو بروقت مکمل کیا جائے تاکہ بغیر کسی تاخیر کے اس میڈیکل کالج میں کلاسیں باقاعدہ سے شروع ہوسکیں ۔ یہ ہدایت اُنہوںنے گزشتہ روز تیمر گرہ میڈیکل کالج کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔ صوبائی کابینہ اراکین بیرسٹر محمد علی سیف، شفیع اﷲ خان، ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری امجد علی خان، سیکرٹری صحت طاہر اورکزئی، وائس چانسلر خیبرمیڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر ضیاءالحق کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔اجلاس کو میڈیکل کالج پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ500 بستروں پر مشتمل ڈی ایچ کیو ہسپتال تیمر گرہ کو تدریسی مقاصد کیلئے ٹیچنگ انسٹیٹوٹ کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری ہو چکا ہے جبکہ میڈیکل کالج کیلئے 436 آسامیوں کی تخلیق کی منظوری بھی ہو چکی ہے۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ فیکلٹی اور دیگر سٹاف کیلئے منظور شدہ آسامیوں پر تعیناتی کا عمل جلد سے جلد شروع کیا جائے۔اس کے علاوہ دیر میں نرسنگ کالج کے قیام کیلئے بھی ہوم ورک مکمل کرکے تجاویز پیش کی جائیں ۔ اجلاس کو صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں ڈاگناسٹک سروسز کی آوٹ سورسنگ کے حوالے سے بتایا گیا کہسیدو گروپ آف ٹیچنگ ہسپتال سمیت صوبے کے نو مختلف ہسپتالوں میںایم آر آئی سروسز کی آوٹ سورسنگ کیلئے اشتہار جاری ہو چکا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ مذکورہ ہسپتالوں میں ڈاگناسٹک سروسز کی آوٹ سورسنگ کا عمل جنوری تک مکمل کیا جائے تاکہ عوام بلاتاخیر مستفید ہوں۔
<><><><><><><>
وزیراعلیٰ کا پشاور پریس کلب کے صدر و کابینہ کو مبارکباد
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے مسلسل دوسری مرتبہ پشاور پریس کلب کے صدر منتخب ہونے پر سینئر صحافی ایم ریاض اور اس کی کابینہ کے دیگر ارکان کو مبارکباد دی ہے ۔
یہاں سے جاری اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ایم ریاض کا مسلسل دوسری بار صدر منتخب ہونا پشاور کی صحافی برادری کا اُن کی قیادت پر بھر پور اعتماد کا مظہر ہے ۔ اُنہوں نے کہا ہے کہ نومنتخب صدر صحافیوں کے اس اعتماد پر پورا اُترنے کی بھر پور کوشش کریں گے اور صحافیوں کی فلاح و بہبود اور اُن کے مسائل کے حل کیلئے کوششوں کا سلسلہ مزید موثر انداز میں جاری رکھیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی ہے کہ نومنتخب صدر اور اس کی کابینہ کے اراکین صحافتی اقدار کے فروغ اور صوبے کے مسائل کو قومی سطح پر اُجاگر کرنے کیلئے اپنی قائدانہ صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے ۔ دریں اثناءوزیراعلیٰ نے مردان پریس کلب کے سالانہ انتخابات میں بلا مقابلہ صدر منتخب ہونے پر سینئر صحافی مسرت عاصی اور اُن کی کابینہ کے ارکین جبکہ اباسین کالم رائیٹرز ایسوسی ایشن کے صدر منتخب ہونے پر سینئر کالم نگارضیا الحق سرحدی اور اُن کی کابینہ کے دیگرارکان کو بھی مبارکباد یتے ہوئے اُن کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔
شماعلی وزیرستان میں چار سیکورٹی اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار
پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ میں چارسکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر تعزیت کی ہے ۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے شہداءکے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے ۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک میں امن و امان کیلئے سکیورٹی فورسز نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم سکیورٹی فورسز کی ان قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے