Chitral Times

Apr 23, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

سکولوں میں سولرائزیشن اور آئی ٹی لیبز کی تعمیرکیلئے فوراً ڈیٹا بھیج دیا جائے۔ وزیرتعلیم

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ ) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے تعلیم شہرام خان ترکئی نے محکمہ تعلیم کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ صوبے کے تمام اضلاع کے باقی ماندہ سکولوں میں سولرائزیشن کے لئے جلدازجلد اقدامات کئے جائیں جبکہ اپ گریڈ کئے گئے سکولوں میں آئی ٹی لیبز کی تعمیر کے لئے فوراً ڈیٹا بھیج دیں انہوں نے کہا کہ آئی ٹی لیبز وقت کی اہم ضرورت ہے جس میں طلبہ کو کوڈنگ بشمول آئی ٹی کی جدید تربیت دی جائے گی۔ شہرام خان ترکئی نے حکام کو یہ بھی ہدایت جاری کی کہ ارلی ایج چائلڈ ایجو کیشن کلاس رومز کی تعمیر کیلئے مختص ہدف اس سال ضرور مکمل کیا جائے تاکہ پرائمری سکولوں میں مزید 6500 ای سی ای رومز اگلے سال کے جون تک بن سکیں۔ وزیر تعلیم نے سیکرٹریٹ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن اور تمام ضلعی دفاتر کو آٹومیٹ کرنے اور سافٹ ویئر بشمول دیگر اقدامات کے لیے ڈائریکٹر آئی ٹی کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر سکول اور ہر ملازم کا تمام ڈیٹا مکمل ڈیجیٹائز ہوناچاہیے۔ جس میں ٹیبلیٹ ان اسکول پروگرام کے تحت سکولوں طلبہ و طالبات اور اساتذہ کی تمام معلومات روزانہ کی بنیاد پر دستیاب ہوگی۔

یہ ہدایات انہوں نے محکمہ تعلیم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی سپیشل سیکرٹری ایجوکیشن شہباز طاہر ندیم، ایڈیشنل سیکرٹری ریفامز اشفاق احمد اور محکمہ تعلیم کے دیگر حکام بشمول یونیسف کے نمائندوں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ وزیر تعلیم نے ایجوکیشن حکام کو پیرنٹس ٹیچرز کونسل کو مزید فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان ممبران کی تربیت کا جلد از جلد آغاز کریں۔ انہوں نے اسپیشل سیکرٹری ایجوکیشن کو جلد از جلد نئے ضم شدہ اضلاع کے سکولوں میں فرنیچرز ڈیمانڈ بھیجنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ضم اضلاع کے تمام سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی بھی اولین ترجیح ہے جو کہ جلد منظور کرلی جائے گی اور جون کے مہینے تک صوبے کے ہر طالب علم کو فرنیچر کی سہولت میسر ہوگی۔ شہرام خان ترکئی نے مزید کہا کہ ڈائریکٹریٹ آف پروفیشنل ڈیویلپمنٹ کے رولز ریگولیشن اور آرگینوگرام کی بہت جلد منظوری دی جائے گی جس میں منیجمنٹ کیڈر بشمول گریڈ 18سے گریڈ 20 کے پرنسپلز کو تربیت دینے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔جو کہ ان کی ترقیوں اور تعیناتیوں کے لئے ضروری ہوگی جب کے ان کے ماتحتRPDCs میں تدریسی کیڈر کے گریڈ 12 سے گریڈ16 تک کے اساتذہ کوانڈکشن پروگرام بشمول دیگر تربیت دی جائے گی۔ وزیر تعلیم شہرام خان ترکئی نے مزید کہا کہ سیکنڈ شفٹ سکول پروگرام کے تحت بچوں کو قریبی اضلاع میں بہترین تعلیمی سہولیات مل رہی ہے انہوں نے کہا کہ سکولوں میں کوالٹی کو بہتر کرنے کے لیے عنقریب 2500 سکول لیڈرز تعینات کئے جائیں گے جو کہ تحصیل لیول پر 9سکولوں میں تعلیمی معیار کی مانیٹرنگ کریں گے جبکہ ضلعی سطح پر بھی 28ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز کوالٹی تعینات کئے جائیں گے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged ,
56707