Chitral Times

Aug 13, 2022

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ محمودخان کا اچانک مختلف دفاتر کا دورہ، سروس ڈیلوری کا جائزہ، دو پٹواری معطل

شیئر کریں:

وزیراعلیٰ محمودخان کا اچانک مختلف دفاتر کا دورہ، سروس ڈیلوری کا جائزہ، دو پٹواری معطل

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے اپنے اچانک دوروں کا سلسلہ دوبارہ شروع کرتے ہوئے پیر کے رو ز پشاور شہر کے مختلف علاقوں اور سرکاری دفاتر کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بغیر کسی سکیورٹی پروٹوکول تحصیل سٹی آفس کا اچانک دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے تحصیل سٹی آفس میں قائم سروس ڈیلیوری سنٹر، رجسٹرار آفس سمیت دیگر دفاتر کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں پر فراہم کی جانے والی خدمات اور سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے سائلین سے بھی ملاقات کی اور ان سے تحصیل آفس سے جڑے ان کے مسائل کے بارے میں معلومات حاصل کی۔

وزیراعلیٰ نے تحصیل سٹی آفس میں صفائی اور خدمات کی فراہمی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دفتر کی ناگفتہ بہہ صورتحال پر ڈپٹی کمشنر سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔ زمینوں کے انتقالات، فرد کے اجراءاور دیگر خدمات کی فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کی شکایت پر وزیراعلیٰ نے متعلقہ دو پٹواریوں کو معطل کرنے جبکہ ڈپٹی کمشنر کو متعلقہ رجسٹرار کے خلاف انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔

chitraltimes Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa Mahmood Khan visit diffrent office 1

اس موقع پر انہوں نے فیس جمع کرنے کے سلسلے میں لوگوں کی سہولت کے لئے صوبے بھر کے تمام سروس ڈیلیوری سنٹر ز میں بینک آف خیبر کی برانچز کھولنے کے احکامات بھی جاری کئے۔ وزیراعلیٰ نے سائلین کی شکایات پر زمینوں کے انتقالات، فرد، رجسٹریشن ، خانہ کاشت اور دیگر جملہ مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے اور سروس ڈیلیوری سنٹرز میں خدمات و سہولیات کی فراہمی کے عمل کو مزید بہتر اور عوامی توقعات کے مطابق بنانے کے لئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ حکام کا خصوصی اجلاس طلب کرلیاہے۔ انہوں نے تحصیل آفس اور سروس ڈیلیوری سنٹر کے عملے کو زمینوں کے انتقالات، فرد، رجسٹریشن سمیت دیگر تمام خدمات کی مقررہ وقت کے اندر فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے تنبیہ کی کہ عوام کو ان خدمات کی بروقت فراہمی میں غیر ضروری تاخیر کی صورت میں متعلقہ عملے کےخلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دریں اثناءوزیراعلیٰ نے خان راز ق شہید پولیس اسٹیشن کا بھی اچانک دورہ کیا، تھانے کا ریکارڈ چیک کیا اور حوالات سمیت تھانے کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس اسٹیشن میں صفائی کی مجموعی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تھانے کی خستہ حالی پر کیپٹل سٹی پولیس کے سربراہ سے تین دنوں میں رپورٹ طلب کی۔ وزیراعلیٰ نے خیبربازار، قصہ خوانی بازار، چوک یادگار اور دیگر علاقوں کابھی دورہ کیا۔ مذکورہ علاقوں میں صفائی ستھرائی اور ٹریفک کی مجموعی صورتحال پر بھی عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے صفائی کی ناقص صورتحال کے بارے میں سیکرٹری بلدیات جبکہ بے ہنگم ٹریفک کے معاملے پر ایس ایس پی ٹریفک سے رپورٹ طلب کرلی۔ اس دوران وزیراعلیٰ عوام میں گھل مل گئے، شہریوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے درمیان پاکر خوشی کا اظہار کیا اور وزیراعلیٰ کے ساتھ سیلفیاں بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں سے ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور ان کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لئے ضروری اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔
<><><><><><><><><>

وزیراعلیٰ کا دونوں ہاتھوں سے معذور ایک نوجوان کو ڈیلی ویجزبنیادوں پر ملازمت دینے کا اعلان

پشاور ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے قصہ خوانی بازار کے اچانک دورے کے دوران شہریوں سے گھل مل گئے۔ شہریوں نے خود کو درپیش عمومی مسائل سے وزیراعلیٰ کوآگاہ کیااور وزیراعلیٰ نے اُن مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے اقدامات کی یقینی دہانی کرائی ۔ اس موقع پرپیدائشی طور پر دونوں ہاتھوں معذور شانگلہ کے رہائشی ایک نوجوان نے بھی وزیراعلیٰ سے مالی امداد اورملازمت دینے کی درخواست کی جس پر وزیراعلیٰ نے معذور نوجوان کو اپنے ساتھ گاڑی میں بٹھاکر وزیراعلیٰ ہاو س لے آئے اور انہیں وزیراعلیٰ ہاو س کا مہمان بنایا۔ وزیراعلیٰ نے نوجوان کی مالی امداد کے علاوہ ان کے لئے ماہانی وظیفہ مقرر کردیا اور مستقل ملازمت ملنے تک انہیں یومیہ اجرت (ڈیلی ویجز) بنیادوں پر ملازمت دینے کا اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ نے نوجوان کو مستقل ملازمت دینے کی بھی یقین دہانی کرائی ۔
<><><><><><><>

chitraltimes Chief Minister Khyber Pakhtunkhwa Mahmood Khan visit diffrent office 3


دریں اثنا وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقہ کلاچی میں سڑک کنارے نصب بم دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے ایک جوان کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں وزیر اعلی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے شہید کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی نے شہید کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے واقعے میں زخمی ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
<><><><><><><


شیئر کریں: