Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

معدنی وسائل سے وابستہ سرمایہ کاروں کو میکنائزڈ مائننگ شروع کرنےکیلئےدی گئی معینہ مدت میں توسیع

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) حکومت خیبرپختونخوا نے معدنی وسائل سے وابستہ سرمایہ کاروں کو میکنائزڈ مائننگ شروع کرنے کے لیے دی گئی معینہ مدت میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے جس کا بنیادی مقصد سرمایہ کاروں کو آسانی فراہم کرنا ہے۔ متعلقہ فیصلہ جمعہ کے روز مشیر وزیر اعلیٰ برائے محکمہ معدنیات عارف احمدزئی کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں سیکرٹری معدنیات اور سرمایہ کار حضرات بھی شریک ہوئے۔ مشیر معدنیات عارف احمدزئی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے ہدایات کی روشنی میں سرمایہ کاروں کو آسانیاں دینا ترجیح ہے۔

سرمایہ کاروں کو میکنائزڈ مائننگ شروع کرنے کے لیے جو وقت مقرر کیا گیا تھا وہ آج سرمایہ کاروں کی مشاورت سے بڑھا رہے ہیں تاکہ کی گئی سرمایہ کاری کو بہترین طریقہ کار کے تحت میکنائزڈ کیا جا سکے جس سے نہ صرف مالی نقصان پر قابو پایا جا سکے گا بلکہ معدنی وسائل کے ضیاع کی روک تھام بھی ممکن ہو سکے گا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کاروں کے وفد کے ساتھ مل کر ایک حل طلب ٹائم فریم ترتیب دیا جائے تاکہ میکنائزڈ مائننگ کا عمل بہترین انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ قبل ازیں، سرمایہ کاروں نے میکنائزڈ مائننگ شروع کرنے کے عمل میں درپیش چیلنجز سے اجلاس کو آگاہ کیا اور صوبائی حکومت اور مشیر معدنیات عارف احمدزئی کی کوششوں کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
56543