Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

عالمی بینک خیبرپختونخوامیں 245میگاواٹ توانائی کے2 منصوبے شروع کریگا۔

شیئر کریں:

بجلی کی پیداوارسے صوبے کو سالانہ 13ارب روپے کی آمدن اورروزگارکے نئے مواقع میسرآئیں گے،سیکرٹری توانائی کواعلیٰ سطحی اجلاس میں بریفنگ


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) عالمی بینک آئندہ سال ضلع سوات میں 245میگاواٹ کے 2پن بجلی منصوبے شروع کرے گاجن کی تکمیل سے صوبے کو سالانہ 13ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی۔توانائی کے ان منصوبوں سے ایک طرف صوبے میں بڑی سرمایہ کاری آئے گی تودوسری طرف روزگارکے نئے مواقع میسرآئیں گے۔ اس سلسلے میں منعقدہ اجلاس میں سیکرٹری توانائی وبرقیات سید امتیازحسین شاہ، عالمی بینک کے سینئرانرجی سپیشلسٹ محمدثاقب اورایڈوائزر ورلڈبینک مسعوداحمد، چیف ایگزیکٹوپیڈوانجینئرنعیم خان اورKHREپروگرام کے چیف انجینئرشاہ حسین نے شرکت کی۔

اجلاس میں بتایا گیاکہ عالمی بینک خیبرپختونخوامیں توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے مالی تعاون فراہم کرنے کے سلسلے میں آئندہ سال ضلع سوات میں پن بجلی کے 2منصوبوں پر تعمیراتی کام کا آغازکرے گاجن میں 157میگاواٹ مدین ہائیڈروپاورپراجیکٹ اور88میگاواٹ گبرال کالام ہائیڈروپاورپراجیکٹ شامل ہیں۔ اس سلسلے میں عالمی بینک اورصوبائی حکومت کے درمیان 450ملین ڈالرز کے معاہدے پر دستخط کئے جاچکے ہیں۔یہ منصوبے 2027تک مکمل کرلئے جائیں گے جن سے صوبے کو سالانہ 13ارب روپے سے زائد کی آمدن ہوگی۔

اجلاس میں بتایاگیاکہ منصوبوں کے لئے انٹرنیشنل کنسلٹنٹ کی تقرری کاعمل مکمل ہوچکاہے جس نے منصوبے کے ورک پلان اورآئندہ کی حکمت عملی پر کام شروع کردیا ہے اورپلاننگ کے تحت منصوبوں پر آئندہ سال مئی یا جون سے عملی کام کا آغاز کیاجائے گا۔ اجلاس میں سیکرٹری توانائی سیدامتیازحسین شاہ نے عالمی بینک کی طرف سے توانائی کے شعبوں میں مالی معاونت کی فراہمی اورصوبے میں توانائی کے شعبے کی ترقی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہا اورامید ظاہر کی کہ مذکورہ منصوبوں سے صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری آئے گی جس سے صوبے کی معیشت کو استحکام ملے گا۔اجلاس کے بعد ورلڈبینک کے مشن نے معاون خصوصی توانائی صاحبزادہ سعید احمد سے انکے دفترمیں ملاقات کی اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر انکا خیر مقدم کیا۔اس موقع پر معاون خصوصی توانائی نے عالمی بینک کے وفد کو یقین دلایا کہ وہ صوبے میں توانائی منصوبوں کے حوالے سے درپیش مسائل کو حل کرنے میں اپنابھرپورکرداراداکرینگے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
56464