Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

این سی او سی کا بوسٹر ڈوز کے لیے عمر کی حد میں کمی کا فیصلہ

شیئر کریں:

اسلام آباد(سی ایم لنکس) نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے بوسٹر ڈوز کے لیے عمر کی حد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے، این سی او سی کا کہنا ہے کہ 30 سال سے زائد عمر کے افراد بوسٹر ڈوز لگوا سکیں گے۔تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں بوسٹر ڈوز کے حوالے سے اہم فیصلہ کرلیا گیا، این سی او سی نے بوسٹر ڈوز کے لیے عمر کی حد میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ 30 سال سے زائد عمر کے افراد بوسٹر ڈوز کے لیے اہل ہیں، 30 سال سے زائد افراد کے لیے بوسٹر ڈوز کی سہولت یکم جنوری سے دستیاب ہوگی۔ اہل افراد اپنی من پسند ویکسین کی بوسٹر ڈوز لگوا سکیں گے۔

این سی او سی نے کرونا وائرس صورتحال پر نیشنل ویکسین اسٹریٹجی پر بھی غور کیا، این سی او سی نے ویکسی نیشن کے بارے میں سخت اقدامات پر اتفاق کرتے ہوئے صوبوں میں ویکسی نیشن کی مقررہ اہداف پر بھی نظر ثانی کی۔صوبوں میں ویکسی نیشن کے نئے اہداف کے حصول کے لیے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔این سی او سی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 7 لاکھ 13 ہزار افراد کی ویکسی نیشن کی گئی، ملک کے 14 کروڑ 15 لاکھ سے زائد آبادی کی ویکسی نیشن کرلی گئی۔

اجلاس میں کہا گیا کہ دنیا کے 95 ممالک میں اومیکرون کے 58 ہزار کیسز سامنے آچکے ہیں، یورپ اومیکرون ویرینٹ کا مرکز ہے، ڈنمارک اور برطانیہ میں اومیکرون کے سب سے زیادہ کیسز سامنے آئے، بھارت میں اومیکرون کے اب تک 149 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔این سی او سی کی جانب سے ہدایت کی گئی کہ شہری کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر ویکسی نیشن کروائیں۔

اومیکرون وائرس: پاکستان آنے والی پروازوں سے متعلق نئی ہدایات


کراچی(چترال ٹائمز رپورٹ)کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کے پیش نظر برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں پر سختی چیکنگ کی ہدایت سامنے آئی ہے۔سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق سی اے اے کو برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں سے متعلق نئی ہدایات موصول ہوئی ہیں، پروازوں کے تمام مسافروں کے ایرپورٹس پر ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ لازمی قرار دیا گیا ہے۔ہدایت میں پابند کیا گیا ہے کہ برطانیہ سے پاکستان آنے والی پروازوں کو ایڈجسٹ کیا جائے تاکہ ایرپورٹس پر تمام مسافروں کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ مکمل کرلیے جائیں۔اسی طرح ایک پرواز کے بعد دوسری پرواز میں اتنا وقت ہو تاکہ پہلے سے آنے والی پرواز کے تمام مسافروں کے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ مکمل ہوجائیں۔ مسافروں کو پرواز سے 48 گھنٹے قبل کورونا پی سی آر ٹیسٹ لازمی ہوگا۔سول ایوی ایشن اتھارٹی(سی اے اے) کے حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات برطانیہ میں کورونا کے اومیکرون ویرینٹ کے کیسز کے باعث کیے جارہے ہیں۔خیال رہے کہ کورونا وائرس کی نئی قسم برطانیہ سمیت دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
56391