Chitral Times

Mar 29, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

ڈی ایف اے چترال کی ٹیم نے بلوچستان کو ہراکر یوفون 4Gفٹ بال کپ ٹورنامنٹ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا

شیئر کریں:

پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز) ڈی ایف اے چترال کی ٹیم نے یو فون 4Gفٹ بال کپ فٹبال ٹورنامنٹ کا سپر فائنل جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلی۔ سپر فائنل کا میچ اتوار کے روز پشاور میں مسلم کلب چمن بلوچستان اور چترال ڈی ایف اے ٹیم کے مابین کھیلا گیا۔ سنسنی خیز میچ کے بعد چترال کی ٹیم صفر کے مقابلے میں دو گول سے بلوچستان کو شکست دی۔ اور یوفون فورجی فٹبال کلب فٹبال سپرفائنل جیت کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ گزشتہ روز کی طرح میچ کے آغاز ہی میں چترال کی ٹیم کا تجربہ کام آیا اور وہ بلوچستان کے خلاف برتری قائم کرنے میں کامیاب ہوئی۔جبکہ بلوچستان کی ٹیم کو میچ کے دوران پینلٹی کیک کا موقع بھی ملا تھاجوانھوں نے ضائع کردیا۔

chitraltimes ufone 4g footbal cup chitral team won provincial title


اس سے قبل ڈی ایف اے چترال کی ٹیم نے ہفتے کے روز ڈی ایف اے مردان کو شکست دے کر یوفون 4Gفٹ بال کپ خیبر پختونخواہ کا فائنل جیت ٹائٹل اپنے نام کر لیا تھا۔ دونوں ٹیموں کے مابین یہ میچ پشاور کے طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں شائقین کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس ٹورنامنٹ میں صوبہ بھر سے اکہتر ٹیموں نے شرکت کی۔

فٹ بال کے ماہرین نے چترال کی ٹیم کو قومی و بین الاقوامی سطح پرمجموعی تجربے اور اس ٹورنامنٹ کے اولین ایڈیشن کے رنر اپ رہنے کی بدولت فیورٹ قرار دیا تھا۔ اس کے مقابلے میں نسبتاً نوجوان و کم تجربے کی حامل مردان کی ٹیم کو اس کی بے مثال صلاحیتوں کی بدولت مقابلے کا پانسہ پلٹنے کی اہل قراردیا گیا تھا۔دونوں ٹیمیں طہماس خان فٹ بال اسٹیڈیم میں فلڈ لائٹس کی جگمگاتی روشنیوں میں آمنے سامنے آئیں۔

میچ کے آغاز ہی میں چترال کی ٹیم کا تجربہ کام آیا اور وہ مردان کے خلاف برتری قائم کرنے میں کامیاب ہوئی۔ چترال کے کھلاڑی خلیق الزمان نے ساتھی کھلاڑی محمد رسول کے ایک خوبصورت پاس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بال کو گول پوسٹ کے پار پہنچا دیا۔ میچ کے چالیسویں منٹ میں چترال کے محمد رسول نے ایک مرتبہ پھر گول کردیا مگر انھیں آف سائیڈ قرار دیا گیا۔دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں کی جانب مخالف گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے گئے مگر بے نتیجہ رہے اور یوں چترال نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے یہ مقابلہ جیت لیا۔

میچ کے مہمان خصوصی گروپ چیف ہیومن ریسورس آفیسر پی ٹی سی ایل و یوفون، سید مظہر حسین نے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کو میڈل، نقد انعامات اور ٹرافی پیش کی۔چترال کے ٹیم کپتان، محمد رسول نے جب ٹرافی فضا میں بلند کی تو ٹیم کے حامیوں نے نعروں اور رقص کے ذریعے اپنی مسرت کا اظہار کیا۔ شاندار کھیل کے علاوہ تماشائیوں کو موسیقی اور خوبصورت آتش بازی کے مظاہرے کے ذریعے بھی محظوظ کیا گیا۔تماشائیوں میں چترالی کمیونٹی کی اکثریت دیکھنے کو ملی۔

chitraltimes chitral footbal team ufone cup peshawar

شیئر کریں: