Chitral Times

Mar 28, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم عمران خان خیبرپختونخوا سے نیا پاکستان کارڈ کا اجراء کریں گے۔ بیرسٹر محمد علی سیف

شیئر کریں:

120 ارب لاگت کے احساس راشن پروگرام کے تحت 13 کروڑ افراد کو رعایتی اجناس ملیں گی۔ میڈیا بریفنگ


پاک چین دوستی لازوال ہے۔ سی پیک سے ترقی کی نئی منازل طے، دونوں ملک اور نزدیک آئیں گے۔ معاون خصوصی اطلاعات


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی لازوال ہے اور ہر آنے والا دن اسے مزید مستحکم اور مضبوط بنا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کل خیبرپختونخوا سے نیا پاکستان کارڈ کا اجراء کریں گے۔ اس ایک کارڈ سے عوام صحت سہولیات، کسان کارڈ اور احساس راشن پروگرام کے تحت ملنے والی تمام سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے۔ صحت کارڈ کا اجراء خیبرپختونخوا سے ہوا تھا اور وزیراعظم عمران خان نیا پاکستان کارڈ کا اجراء بھی یہاں سے کریں گے۔ معاون خصوصی اطلاعات نے ان خیالات کا اظہار چائنہ ونڈو پشاور کے دورے اور بعد ازاں اطلاع سیل سول سیکرٹریٹ پشاور میں ایک میڈیا بریفنگ کے دوران کیا۔

پشاور میں قائم چینی ثقافتی و اطلاعاتی مرکز چائنہ ونڈو کے دورے کے دوران انہوں نے مرکز میں قائم مختلف گیلریاں دیکھیں، فرینڈ شپ وال پر دستخط کئے اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ بیرسٹر محمد علی سیف کا کہنا تھا کہ چین نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا اور اہل پاکستان نے بھی کبھی چینی عوام کو مایوس نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں دونوں ملکوں کے درمیان دوستی سمندر سے گہری، ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی ہے اس دوستی کی ایک مثال چین پاک اقتصادی راہداری ہے جس پر کام تیزی سے جاری ہے اور وہ دن دور نہیں جب سی پیک پاکستان کی معاشی و اقتصادی ترقی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ب

عد ازاں میڈیا بریفنگ میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کل ایک روزہ دورے پر پشاور آئیں گے جہاں وہ نیا پاکستان کارڈ کا اجراء کریں گے۔ یہ حکومت کا اسلامی فلاحی ریاست کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔ اس ایک کارڈ سے حکومت کی جانب سے شروع تمام عوامی فلاحی پروگرامز استعمال ہوں سکیں گے جن میں احساس راشن پروگرام، کسان کارڈ، صحت کارڈ پلس سب شامل ہوں گے۔ ہر خاندان کا اپنا مخصوص کیو آر کوڈ ہو گا جس کے ذریعے وہ متعلقہ پروگرام سے مستفید ہو گا۔ بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ احساس راشن پروگرام کی کل لاگت 120 ارب ہے۔ اس پروگرام کا سب سے پہلے صوبہ خیبرپختونخوا سے آغاز ہو رہا ہے جو کہ یہاں کے عوام کے لیے ایک اعزاز ہے۔ اس سے قبل صحت کارڈ کا اجراء بھی سب سے پہلے یہاں سے ہوا تھا جو کہ دیگر صوبے بھی شروع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت 2 کروڑ خاندان اور تقریباً 13 کروڑ افراد مستفید ہوں گے جو کہ ملک کی کل آبادی کا تقریباً 53 فیصد بنتا ہے۔

احساس راشن پروگرام کے حوالے سے بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ جن شہریوں کی ماہانہ آمدن 50 ہزار سے کم ہے وہ اس پروگرام کے اہل ہوں گے اور اہل صارفین کو کل خریداری کا 30 فیصد رعایت ملے گی جبکہ یہ رعایت آٹا، گھی یا تیل اور دالوں پر اہل صارفین کو ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کریانہ سٹور مالکان بھی اس پروگرام میں رجسٹرڈ ہو سکتے ہیں جہاں سے اہل صارفین خریداری کریں گے۔ معاون خصوصی اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق ملک صحیح معنوں میں اسلامی فلاحی ریاست کی جانب گامزن ہیں

صوبے بھر میں کورونا ویکسینیشن مہم میں مزید تیزی لائی جائے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا
کورونا وائرس سے بچاو کیلئے ویکسینیشن انتہائی اہم ہے، عوام، ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کے ساتھ تعاون کریں۔ ڈاکٹر شہزاد خان بنگش


پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) خیبر پختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا اور چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش کی زیرصدارت صوبے میں جاری کووڈ ویکسینیشن سے متعلق اعلی سطح اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، سیکرٹری صحت طاہر اورکزئی، کوارڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹر (ای او سی) عبدالباسط، ڈی جی صحت نیاز علی سمیت ضلع پشاور، مردان،چارسدہ، ایبٹ آباد، نوشہرہ اور سوات کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے کے تمام اضلاع میں نئے بھرتی کئے گئے ویکسینیٹرز تعینات کئے گئے ہیں جو ویکسینیشن مہم میں تیزی لانے اور گھر گھر تک پہنچ کر 12سال سے زائد کے بچوں اور دیگر افراد کو ویکسینیشن کی پہلی اور دوسری خوراک لگوائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا ویکسینیشن کو مزید تیز کیا جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ آبادی کو محفوظ بنایا جاسکے۔اس موقع پر چیف سیکرٹری ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے کہا کہ ویکسینیشن مہم میں تیزی لانے کیلئے ڈیلی ویجز بنیاد پر مزید ماہر ویکسینیٹرز بھرتی کئے جائیں اور اس کے علاوہ میڈیکل اور نرسنگ کالجز کے فائنل ایئر کے سٹوڈنٹس جو ویکیسنیشن سے متعلق تجربہ رکھتے ہیں کو بھی ڈیلی ویجز بنیادوں پر بھرتی کئے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے بھر کہ یونین کونسلز اور نیبر ہوڈ کونسل سیکرٹریز کو بھی ویکسینیشن مہم میں کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کورونا ویکسینیشن کے حوالے سے آگاہی پھیلانے کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں اور صوبے میں قائم کال سنٹرز سے عوام کو دوسری خوراک لگوانے سے متعلق آگاہی دی جائے۔

ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کی جانب سے جاری احکامات کی روشنی میں تمام ضلعی افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صوبے بھر میں ویکسینیشن مہم میں تیزی لائی جائے اور جو اضلاع ویکسینیشن اہداف کے حصول میں ناکام رہے ہیں وہ اپنے اہداف کے حصول کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائیں۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے عوام کومزید خطرات سے بچانے کیلئے صوبے بھر میں ویکسینیشن مہم میں تیزی لانا ہوگی تاکہ حالات دوبارہ معمول کے مطابق ہوں۔ اس موقع پر سیکرٹری صحت طاہر اورکزئی نے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ ویکسینیشن مہم میں تیزی لانے کیلئے ڈیلی ویجز بنیاد پر ماہر افراد کو بھرتی کرکے ضلعی سطح پر ان کی تعیناتی کی گئی ہے انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں ضلعی انتظامیہ کو مزید ماہرین یا دیگر وسائل درکار ہوں تو محکمہ صحت تمام تر وسائل فراہم کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام اضلاع جن کو ماہرین کی ضرورت تھی وہاں ماہرین ڈیلی ویجز بنیاد پر بھرتی کئے گئے ہیں اور ان ماہرین کی کوششوں سے ویکسینیشن مہم کے اہداف کو حاصل کر لیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ حکام روزانہ کی بنیاد پر ویکسینیشن مہم سے متعلق اجلاس منعقد کریں اور رپورٹ چیف سیکرٹری آفس کو ارسال کیا کریں۔


۔


شیئر کریں: