Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاکستان نے مزید 9ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دیں

شیئر کریں:

اسلام آباد(چترال ٹائمز رپورٹ)کرونا وائرس کی نئے قسم اومیکرون کے سامنے آنے کے بعد پاکستان نے مزید 9ممالک پر سفری پابندیاں عائد کر دیں جس کے بعد سفری پابندی والے ممالک کی تعداد 15 ہوگئی۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق کروشیا، ہنگری، یوکرین، آئرلینڈ، نیدرلینڈ، سلوونیا، ویتنام، زمبابوے اور پولینڈ کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔سفری پابندیوں کا فیصلہ وباء کے پھیلاؤ کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔این سی او سی کے مطابق ملک میں کرونا سے مزید 10مریض انتقال کرگئے جس کے بعد مجموعی اموات کی تعداد 28ہزار777 ہوگئی۔

گزشتہ روز 42ہزار 944 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 336 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کرونا مثبت کیسز کی شرح 0.78فیصد رہی۔پاکستان نے اس سے قبل 6ممالک پر سفری پابندیاں عائد کی تھیں جس میں جنوبی افریقہ، موزمبیق، نمیبیا، بوٹسوانا، لیسوتھو اور ایسواٹینی کے ممالک شامل تھے۔ اسکے علاوہ، ہانگ کانگ بھی شامل ہے۔جن ممالک پر پابندی عائد کی گئی ہے، ان سے واپس آنے والے پاکستانیوں کو ملک میں داخلے کی مشروط اجازت ہوگی۔ ایسے شہریوں کے پاس کرونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ اور ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے۔ان ممالک سے واپس آنیوالے پاکستانیوں کا وطن پہنچنے پر ٹیسٹ کیا جائیگا، نیگیٹو رپورٹ کیساتھ آنیوالوں کو 3 روز قرنطینہ میں رہنا ہوگا۔واضح رہے کہ کرونا کے نئے ویریئنٹ کے امریکا سمیت مختلف ممالک میں کیسز رپورٹ ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

پاک آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ، 2 پائلٹ شہید، آئی ایس پی آر


سیاچن(سی ایم لنکس) پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا۔ دونوں پائلٹ شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر سیاچن کے علاقے میں گر کرتباہ ہوگیا ہے۔ حادثے میں میجر عرفان برچا اورمیجر راجہ ذیشان جہانزیب شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فوجی دستے سیاچن کے علاقے میں پہنچ گئے ہیں اورریسکیو کا کام شروع کردیا گیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
55775