Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ایکٹ ۔ محمد شریف شکیب

شیئر کریں:

خیبر پختونخوا کابینہ نے چائلڈ پروٹیکشن اینڈ ویلفیئر ترمیمی ایکٹ 2020کی منظوری دیدی ہے۔نئے قانون کا نفاذ صوبائی اسمبلی کی منظوری سے مشروط ہوگا۔ ایکٹ کے تحت بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی کے ملزموں کے لئے سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں جن میں پھانسی اور تاحیات عمر قیدکی سزا شامل ہے۔سزامیں کسی قسم کی معافی یا رعایت نہیں دی جائے گی۔ کا بینہ کمیٹی نے پھانسی کی سزا کی و یڈیو بنانے اور اسے عام کرنے کی تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔ پھانسی یا عمر قید کی سزا کے ساتھ جرمانہ بھی عائد کیاگیاہے جو 20لاکھ ر وپے سے کم نہ ہوگا اور اسے 50لاکھ روپے تک بڑھایا جاسکتا ہے۔کابینہ نے فیصلہ کیا کہ چائلڈ پورنو گرافی میں ملوث افراد کو 14سال قید با مشقت اور پچاس لاکھ تک جرمانہ کی سزا ہوگی۔

بچوں کی سمگلنگ کے دھندے میں ملوث افراد کو زیادہ سے زیادہ 25سال اور کم سے کم 14سال قید با مشقت اور 50لاکھ روپے تک جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے۔ پولیس تحقیقات کے لیئے آڈیو، ویڈیو آلات بشمول ڈی این اے بطور ثبوت عدالت میں پیش کرنے کی مجاز ہوگی۔ان جرائم میں ملوث افراد کے ناموں کا رجسٹر میں باقاعدہ اندراج کیا جائیگا۔ اور ان پر پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے پر پابندی ہوگی۔یہ نام چائلڈ پروٹیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کئے جائیں گے۔ اور ان کا ڈیٹا نادرا سے بھی شیئر کیا جائے گا۔ اور عوام کی ان تک رسائی یقینی بنائی جائیگی۔ جن افراد کا رجسٹر میں اندراج ہوجائے اسے کسی پبلک یا پرائیویٹ ملازمت دینے کی صورت میں ادارے کے مالک یا سربراہ کو 5سال قید یا ایک کروڑ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں ہوسکتی ہیں۔

صوبائی کابینہ نے نیوپشاورسٹی میں پشاورپریس کلب کے ممبران کو 10 مرلہ پلاٹس کی فراہمی اور انفارمیشن کمپلیکس کے لئے اراضی مختص کرنے کی بھی منظوری دیدی۔کا بینہ نے خیبر پختونخوا پریس، نیوز پیپرز، نیوز ایجنسیز اینڈبک رجسٹریشن ترمیمی ایکٹ 2021کی منظوری دے دی ہے۔ جس کے تحت اخبار کی ڈیکلیریشن صرف خونی رشتے کو ٹرانسفر کرنے کی شرط ختم کردی گئی ہے۔ صوبائی کا بینہ نے صوبے کی سات سرکاری یونیورسٹیوں کے وائس چانسلر کی تعیناتی کے لیے اکیڈمک سرچ کمیٹی کے لیے ناموں کی منظوری دے دی ہے جو چانسلر کی باقاعدہ منظوری کے لیے بھیجے جا ئیں گے۔

خیبر پختونخوا ملک کا پہلا صوبہ ہے جس نے بچوں کے ساتھ زیادتی کے تدارک کے لئے سخت قوانین مرتب کئے ہیں۔گذشتہ چند سالوں کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں کمسن بچوں اور بچیوں کو جنسی ہوس کا نشانہ بنانے کے بعد گرفتاری کے خوف سے قتل کرنے کے واقعات میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ایک اسلامی معاشرے میں اس قسم کے جرائم انتہائی شرمناک ہیں۔ خونخوار درندے، جنگلی یا پالتو جانور بھی اپنی جنس کے بچوں کو اپنی ہوس کی آگ بجھانے کے لئے استعمال نہیں کرتے۔اشرف المخلوقات اور پھر مسلمان ہونے کے باوجود معصوم بچوں کے ساتھ زیادتی اور ان کا قتل انسانیت کے ماتھے پر بدنما داغ ہے ایسے عناصر کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے بغیر ان سنگین ترین جرائم پر قابو پانا مشکل ہے۔

صوبائی کابینہ نے اس قانون کی منظوری دے کر بلاشبہ ایک مستحسن قدم اٹھایا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ اس قانون پر اس کی روح کے مطابق عمل بھی کیاجائے۔ ہمارے ہاں معاشرتی جرائم، کرپشن، رشوت ستانی،ایذا رسانی، کسی کی جان و مال اور عزت و آبرو کو داؤ پر لگانے کے خلاف قوانین توموجود ہیں لیکن ان پر عمل درآمد کے فقدان کی وجہ سے انصاف کے نظام پر سے لوگوں کا اعتماد اٹھتا جارہا ہے۔ اور قرار واقعی سزا نہ ملنے کی وجہ سے جرائم پیشہ لوگ کھلے عام دندناتے پھیر رہے ہیں۔ حکومتی رٹ قائم کرنے، قانون کی بالادستی اور لوگوں کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی کے لئے حکومت کو اپنے وضع کردہ قوانین کے نفاذ کے لئے بھی عملی اقدامات کرنے ہوں گے


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, مضامین
55757