Chitral Times

Apr 20, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعظم نے انسداد پولیواورکورونا ویکسین سے متعلق چیف سیکریٹریزاورڈپٹی کمشنرز کو ہدایات کردیں

شیئر کریں:

اسلام آباد( چترال ٹائمز رپورٹ)وزیر اعظم عمران خان نے انسداد پولیو مہم اور کورونا ویکسین سے متعلق ہدایات کر دیں۔وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت انسداد پولیو مہم سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے صوبائی اور ضلعی حکومتوں کی انسداد پولیو کے لیے کی جانے والی کاوشوں کی تعریف کی۔وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ انسداد پولیو ورکرز دور دراز اور مشکل علاقوں تک پہنچتے ہیں یہ انسداد پولیو ورکرز قومی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہترین کارکردگی والے انسداد پولیو ورکرز کے لیے انعامات کا منصوبہ بنایا ہے۔ وزیر اعظم نے چیف سیکرٹریز اور ڈپٹی کمشنرز کو انسداد پولیو اقدامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کر دی۔وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ ورکرز کی ہراسگی یا ان پر حملوں کی صورت میں قانونی کارروائی کی ذمہ داری لیں۔ بچوں کی عمومی بچاؤ کے ٹیکوں اور انسداد پولیو مہم کو ساتھ ساتھ چلایا جائے۔انہوں نے کہا کہ نئی قسم اومی کرون کے پیش نظر کورونا کے خلاف ویکسی نیشن مہم کو مزید بڑھایا جائے۔

این سی او سی نے بوسٹر ویکسین کے لیے عبوری گائیڈ لائنز جاری کردیں


اسلام آباد(سی ایم لنکس)نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے بوسٹر ویکسین کے لیے عبوری گائیڈ لائنز جاری کر دی گئی ہیں۔این سی او سی کے مطابق ملک میں جاری انسداد کورونا ویکسین مہم میں ترجیح غیر ویکسین شدہ افراد ہیں، مخصوص عمر کے افراد کے لیے بوسٹر ویکسین کی ضرورت کو مدنظر رکھا گیا ہے۔این سی او سی کا اپنی گائیڈ لائنز میں مزید کہنا ہے کہ غیر ویکسین شدہ تمام اہل افراد کو ویکسین لگائی جائے گی، 50 سال سے زائد عمر کے افراد اور ہیلتھ کیئر ورکرز کو بوسٹر ویکسین لگائی جائے گی۔این سی او سی کے مطابق بوسٹر شاٹ پہلی ویکسینیشن کی تکمیل کے 6 ماہ بعد اور کورونا سے صحتیابی کے 28 دن بعد لگے گا۔این سی او سی کی گائیڈ لائنز کے مطابق بوسٹر ویکسین کے شاٹ سائنوفارم، سائنو ویک، فائزر اور موڈرنا ویکسین کے لگائے جائیں گے، بوسٹر ویکسین کی خوراک پہلے سے لگی ویکسین یا پہلی ویکسین سے مختلف بھی ہوسکتی ہے۔این سی او سی کے مطابق بوسٹر لگانے کے لیے تعین انسداد کورونا ویکسین کی دستیابی پر بھی منحصر ہے۔

ملک بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 391 کیس،8 اموات رپورٹ ہوئیں، نیشنل کمانڈ اینڈآپریشن سینٹر


اسلام آباد( چترال ٹائمز رپورٹ )گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے باعث کے خیبرپختونخوا کے بعد پنجاب میں سب سے زیادہ اموات ریکارڈ کی گئیں۔ملک بھر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے 8 اموات ہوئیں۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی طرف سے جاری اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 391 افراد کے کووڈ۔ 19 ٹیسٹ مثبت آئے۔ملک کے 4 بڑے شہروں میں وینٹیلیٹر پر کووڈ۔ 19 کے مریضوں کے تناسب کے لحاظ سے پشاور میں 16 فیصد، اسلام آباد میں 14 فیصد،ملتان میں 14 فیصد اور سرگودہا میں 13 فیصد مریض ہیں۔اسی طرح سے ملک کے چار بڑے شہروں میں آکسیجن کی سہولیات والے بستروں پر کورونا کے مثبت کیسز کے تناسب کے لحاظ سے ملتان میں 40 فیصد،اسلام آباد میں 11 فیصد،سرگودہا میں 20 فیصد اور صوابی میں 22 فیصد مریض ہیں۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ۔19 کے 46 ہزار 457 ٹیسٹس کیے گئے جن میں سے سندھ میں 14 ہزار 359, پنجاب میں 17 ہزار 85، خیبرپختونخوا میں 8 ہزار 108،اسلام آباد میں 4 ہزار 539، بلوچستان میں 1 ہزار 867,گلگت بلتستان میں 254 ٹیسٹ، آزاد کشمیر میں 245 ٹیسٹ شامل ہیں۔ اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 سے صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 12 لاکھ 45 ہزار 155 ہو چکی ہے۔بلوچستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں کووڈ۔19 کا کوئی بھی مریض اس وقت وینٹیلیٹر پر نہیں ہے جبکہ ملک بھر میں کووڈ۔19 کے لیے مختص وینٹیلیٹر پر 99 مریض ہیں۔

ملک بھر میں کووڈ۔19 کے ایکٹو کیسز کی تعداد 12 ہزار 114 ہے۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 12 لاکھ 86 ہزار 22 ہے جن میں سے آزاد کشمیر میں 34 ہزار 570، بلوچستان میں 33 ہزار 491، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 413، اسلام آباد میں 1 لاکھ 7 ہزار 811، خیبر پختونخوا میں 1 لاکھ 80 ہزار 194،پنجاب میں 4 لاکھ 43 ہزار 310 اور سندھ میں 4 لاکھ 76 ہزار 233 مریض ہیں۔ملک بھر میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 28 ہزار 753 ہو چکی ہے۔جن میں سے سندھ میں 7 ہزار 622 اموات، پنجاب میں 13 ہزار 31 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 3 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،خیبر پختونخوا میں 5 ہزار 855 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4 مریض ہسپتالوں میں اس وائرس سے جاں بحق ہوئے،اسلام آباد میں کل 957 اموات جبکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مریض ہسپتال میں اس وائرس سے جاں بحق ہوا،بلوچستان میں کل 360 اموات، گلگت بلتستان میں 186 اموات، آزاد کشمیر میں اس وائرس سے 742 اموات ہو چکی ہیں۔اب تک ملک بھر میں کووڈ۔19 کے 2 کروڑ 21 لاکھ 18 ہزار 750 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ملک بھر میں کووڈ۔19 کے علاج کیلئے مختص 640 ہسپتالوں میں 930 مریض زیر علاج ہیں


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
55655