Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

احساس راشن کا اجرا15دسمبر سے ہوگا،پچاس ہزار روپے سے کم آمدنی والے مستفید ہونگے۔ وزیراعظم

شیئر کریں:

اسلام آباد(سی ایم لنکس)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے، مہنگائی کی وجہ سے غریب ترین لوگوں کو اشیاء ضروریہ پر سبسڈی دے رہے ہیں، زیادہ سے زیادہ غریب گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔انہوں نے ان خیالات کاا ظہارجمعرات کو احساس راشن پروگرام سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے تخفیف غربت سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر، مشیر خزانہ شوکت فیاض ترین، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل سمیت متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان، وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم خان نیازی نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے لوگوں کی تکالیف کا ادراک ہے۔ ہم غریب ترین لوگوں کو اشیائے ضروریہ پر سبسڈی دے رہے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم کو بتایا گیا کہ احساس راشن پروگرام کے تحت ملک کے ان 2 کروڑ گھرانوں کو آٹے، گھی اور دالوں پر ایک ہزار روپے کی ماہانہ سبسڈی دی جا رہی ہے جن کی ماہانہ آمدنی 50,000روپے سے کم ہے۔

وزیراعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یہ پروگرام 15 دسمبر سے ملک بھر میں شروع کیا جائے گا۔پروگرام کے تحت کریانہ اسٹورز کی رجسٹریشن جاری ہے اور اب تک 15000 سے زیادہ کریانہ اسٹورز رجسٹرڈ ہو چکے ہیں۔ وزیر اعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک میں زیادہ سے زیادہ غریب گھرانوں کو فائدہ پہنچانے کے لیے رجسٹریشن کے عمل کو تیز کیا جائے۔انہوں نے اس سلسلہ میں کریانہ سٹورز اور ممکنہ فائدہ اٹھانے والوں میں بیداری پیدا کرنے کے لیے ضلعی حکومت کے حکام کو بھی متحرک کرنے کی ہدایت کی۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
55595