Chitral Times

Apr 19, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

افسران عوامی مسائل اور شکایات کا فوری ازالہ کریں۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا

شیئر کریں:

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ڈاکٹر شہزاد خان بنگش نے ایک ضلعی جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ضلعی افسران سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ کھلی کچہری کا مقصد شہریوں کی سرکاری افسران تک رسائی کو آسان بنانا ہے تاکہ ان کے مسائل و شکایات معلوم کرکے ان کا فوری ازالہ کیا جاسکے۔اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری شہاب علی شاہ، تمام انتظامی سیکرٹریز، ڈویژنل کمشنرز اور تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کیپٹن (ر) عبدالرحمن نے اجلاس کے شرکاء کو کھلی کچہریوں سے متعلق رپورٹ پیش کی۔

کیپٹن (ر) عبدالرحمن نے اجلاس کو بتایا کہ صوبے بھر میں دو ماہ کے دوران ضلعی سطح پر 256 کھلی کچہریاں منعقد کی گئی ہے جس میں 145 کھلی کچہریاں ڈپٹی کمشنرز کی زیر صدارت منعقد ہوئیں۔ شرکاء کو مزید بتایا گیا کہ 41 کھلی کچہریاں آن لائن، 4 خواتین، 1 اقلیتی امور اور 5 کھلی کچہریاں کسانوں کے مسائل سے متعلق منعقد کی گئی ہیں۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر شہزاد بنگش نے کہا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی کوشش ہے کہ عوام کے مسائل ان کے گھر کی دہلیز پر حل کئے جائیں گے۔ انہوں نے سختی سے تاکید کی کہ عوام کے مسائل کے حل میں کسی بھی قسم کی سستی اور کوتاہی کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ افسران عوام کی شکایات و مسائل حل کرنے پر توجہ دیں اور ان کی شکایات کا قانون کی روشنی میں اور میرٹ پر فوری ازالہ کریں اور درخواست گزاروں کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آتے ہوئے انہیں تسلی بخش جوابات بھی فراہم کریں۔

چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے عوام سے گزارش کی ہے کہ سائلین کے اجتماعی و انفرادی حقیقی مسائل کے حل کیلئے سرکاری دفاتر کے دروازے کھلے ہیں۔ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کیپٹن (ر) عبدالرحمن نے صوبے بھر میں ہونے والی ریگولیٹری انسپکشنز کے حوالے سے اجلاس کے شرکاء کو بتایا کہ صوبے بھر میں ماہ اکتوبر میں 71ہزار 310 اور ماہ نومبر میں 59ہزار444 یونٹس/کاروباروں کے معائنے کئے گئے اس دوران قانون کی خلاف ورزی کرنے والے یونٹس پر دو ماہ کے دوران 27.4 ملین روپے جرمانے عائد کئے گئے۔اسی طرح ماہ اکتوبر اور نومبر میں 2ہزار 172 یونٹس/کاروباروں کیخلاف ایف آئی آرز بھی درج کی گئیں۔ اجلاس کو مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے ڈائریکٹر پی ایم آر یو نے کہا کہ دو ماہ کے دوران 171افراد کو قانون کی خلاف ورزی پر جیل بھیج دیا گیاہے جبکہ 4ہزار 784 یونٹس/کاروبار سیل کردئیے گئے ہیں جبکہ 23ہزار 948 یونٹس کو وارننگز جاری کی گئی۔

گڈ گورننس حکمت عملی کے تحت صوبے بھر میں ہونے والی کاروائی پر بھی روزشنی ڈالی گئی۔ ڈائریکٹر پرفارمنس مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کیپٹن (ر) عبدالرحمن نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ دو ماہ کے دوران تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران 6ہزار 434 کنال اراضی واگزار کی گئی ہے۔ اسی طرح پولی تھین بیگز کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے 32ہزار 229 کلو پولی تھین بیگز تلف کئے گئے ہیں۔ 1ہزار 906 پانی کی ٹینکیوں کی کلورینیشن کی گئی ہے۔ 218 کرشنگ پلانٹس کیخلاف کاروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ 364 عوامی مقامات اور پلے گراونڈز اور 94 بس اڈوں اور ٹرمینلز میں بھی بہتری لائی گئی ہے۔ 1ہزار 654 غیرقانونی سپیڈ بریکرز اور 2ہزار 361 غیر قانونی بل بورڈز کو ہٹایا گیا ہے۔ جبکہ مختلف کھیلوں کے 118 پروگرامات بھی منعقد کئے گئے ہیں۔

chitraltimes chief secretary kp Dr shahzad khan bangash chaired commissioners DCs meeting

شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
55483